پاکستانی پوزیشن ہولڈر طلباکا ’’واکنگ ایمبیسیڈر ‘‘جرمنی کے دارالحکومت برلن پہنچ گئے

انسٹی ٹیوٹ آف کلچرل ڈپلومیسی‘ ٹیکنیکل یونیورسٹی برلن‘ یوریشیا انسٹی ٹیوٹ اور پاکستانی سفارتخانے کے دورے

جمعہ 1 جولائی 2016 21:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے پروگرام کے تحت ملک بھر سے پوزیشن ہولڈر طلبا ’’واکنگ ایمبیسیڈرز آف پاکستان‘‘ جرمنی کے دارالحکومت برلن پہنچ گئے۔ طلبہ نے انسٹی ٹیوٹ آف کلچرل ڈپلومیسی آئی سی ڈی کا دورہ کیا جہاں میزبان پروفیسر کشور چکرا بورٹے نے دیگر حکام کے ساتھ وفد کا پرجوش خیرمقدم کیا اور تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

پروفیسر چکرا بورٹے نے بتایا کہ ادارہ انٹرنیشنل ریلیشنز اور کلچرل ڈپلومیسی‘ گلوبل گورننس اور انٹرنیشنل اکنامکس جیسے مضامین میں تعلیم کی سہولت مہیا کرتا ہے۔ طلبہ نے ٹیکنیکل یونیورسٹی برلن کا دورہ کیا۔ جہاں یونیورسٹی حکام نے ادارے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ 1770ء میں قائم ہونے والے ٹیکنیکل کالج کو 1940ء میں یونیورسٹی کا درجہ دیا گیااور اب ٹیکنیکل یونیورسٹی جرمنی کی تیسری بڑی ٹیکنالوجی یونیورسٹی ہے جہاں سائنس انڈسٹری کے اشتراک کار سے تحقیقاتی کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کا سٹاف 336 اساتذہ اور 2120 سٹاف پر مشتمل ہے۔ یونیورسٹی میں کلائمیٹ ریسرچ لیب‘ سکول آف میومینٹیز‘ سکول آف میتھمیٹکس‘ سکول آف پراسس سائنس‘ سکول آف مکینیکل انجینئرنگ قائم ہے۔ پوزیشن ہولڈر طلبہ کے وفد نے برلن میں یوریشیا انسٹی ٹیوٹ اور پاکستان ایمبیسی کا بھی دورہ کیا۔ طلبہ کے وفد کو کولون بزنس سکول میں خصوصی بریفنگ بھی دی گئی اور بتایا گیا کہ ادارے میں انٹرنیشنل ٹورازم سے میڈیا سٹڈی تک مختلف کورسز پڑھائے جاتے ہیں۔ طلبہ کے وفد کو بعد ازاں برلن میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستانی سفیر جوہر سلیم نے تفصیلی بریفنگ دی۔