وزیراعلیٰ کا میٹرو ٹرین منصوبے کیلئے فنڈز کی دوسری قسط کے اجراء پر چینی قیادت سے اظہار تشکر

میٹرو ٹرین منسوبے کی مخالفت دراصل عام آدمی کی خوشحالی کی مخالفت ہے ،منصوبے کیلئے فنڈز کی تسلسل کے ساتھ فراہمی وزیراعظم کی قیادت اور پنجاب حکومت پر چین کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے، چین کی طرف سے منصوبے کیلئے تسلسل کے ساتھ رقم کا اجراء عام آدمی کے اس منصوبے پر تنقید کرنے والوں کیلئے ایک سبق ہے،میٹرو ٹرین کا عظیم الشان منصوبہ ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلابی تبدیلی لائے گا اور اس سے ٹرانسپورٹ کا کلچر بدلے گا،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف

جمعہ 1 جولائی 2016 21:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کیلئے فنڈز کی دوسری قسط جاری کرنے پر چین کی قیادت، حکومت اور ایگزم بینک کے چیئرمین سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفاد عامہ کے اس بڑے منصوبے کیلئے فنڈز کی تسلسل کے ساتھ فراہمی پر چین کی قیادت، حکومت اور ایگزم بینک کے شکرگزار ہیں۔

چین کی جانب سے فنڈز کی فراہمی وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت اور پنجاب حکومت پر چین کی لیڈرشپ کے بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ چین کے ایگزم بنک کی جانب سے منصوبے کیلئے 33 ارب روپے کی پہلی قسط کے اجراء کے بعد دوسری قسط پاکستان کو ملنے پر چین کی حکومت ، قیادت اور عوام کے شکرگزار ہیں-وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کے وزیر اعظم نے اورنج لائن میٹروٹرین کو پاکستان کیلئے تحفہ قرار دے کر پاکستان کے عوام سے جس والہانہ محبت کا اظہار کیا تھا، پاکستانی اس محبت اورتحفے کو کبھی فراموش نہیں سکتے- دریں اثناء وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میٹروٹرین کے منصوبے پر تیز رفتاری سے اعلیٰ معیار کا کام ہو رہا ہے اور منصوبے میں قومی خزانے کے اربوں روپے بچا کر نئی مثال قائم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

میٹرو ٹرین منصوبہ ٹرانسپورٹ کی تاریخ کا رجحان ساز ثابت ہوگا۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے بارے میں بعض سیاسی عناصر کی طرف سے پراپیگنڈے کے باوجود چین کی قیادت نے منصوبے کیلئے مزید فنڈز فراہم کرکے پاکستان کے ساتھ دوستی کا بھرپور حق نبھایا ہے۔ اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ بلاشبہ پا ک چین دوستی کی درخشاں مثال ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے دونوں ممالک کے مابین دوستی اور تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔

چین کی طرف سے منصوبے کیلئے تسلسل کے ساتھ رقم کا اجراء عام آدمی کے اس منصوبے پر تنقید کرنے والوں کیلئے ایک سبق ہے۔لاہور اورنج لائن میٹروٹرین پاکستان کی تاریخ کا منفرد اور بڑا منصوبہ ہے جس میں غریب قوم کے اربوں روپے بچائے گئے ہیں۔ مفاد عامہ کے اس عظیم الشان منصوبے کی مخالفت دراصل عام آدمی کی خوشحالی کی مخالفت ہے۔ عام آدمی کا ائیر کنڈیشنڈ اور آرام دہ ٹرانسپورٹ پر پورا حق ہے اور پنجاب حکومت میٹرو بس سروس اور میٹرو ٹرین جیسے شاہکار منصوبے بنا کر یہ حق انہیں دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو محفوظ اور عالمی معیار کی سفری سہولتوں کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے تحت حکومت عوام کو معیاری، آرام دہ، محفوظ اور باکفایت سفری سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے صرف کر رہی ہے۔ عوام کو برق رفتار سفری سہولتوں کی فراہمی کیلئے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منفرد منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے اور ملک کی تاریخ میں پہلے ایسے منصوبے کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

اورنج لائن میٹرو ٹرین کا عظیم الشان منصوبہ ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلابی تبدیلی لائے گا اور اس سے ٹرانسپورٹ کا کلچر بدلے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے ابتدا میں تقریباً اڑھائی لاکھ افراد اور بعدازاں روزانہ پانچ لاکھ افراد استفادہ کریں گے۔ اڑھائی گھنٹے کی مسافت 45 منٹ میں طے ہوگی۔ شہریوں کا قیمتی وقت بچے گا اور انہیں انتظار کی زحمت سے نجات ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں شفافیت کی پالیسی کے تحت تمام ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جا رہی ہیں۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ بھی دیگر ترقیاتی سکیموں کی طرح شفافیت، معیار اور برق رفتاری سے تکمیل کا اعلیٰ نمونہ ہوگا۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ وسائل عوام پر خرچ کرنے کی اعلیٰ مثال ہے اور ایسے منصوبے امیر اور غریب کے درمیان خلیج کم کرنے کا باعث بنتے ہیں۔

اراکین اسمبلی نے چین کی جانب سے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کیلئے دوسری قسط کے اجراء پر مبارکباد دی اور کہا کہ اس مفاد عامہ کے عظیم الشان منصوبے کی تکمیل سے عام آدمی کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی میں سید محمد عاشق حسین شاہ، میاں امتیاز احمد، ناصر اقبال بوسال اور شفقت محمود شامل تھے۔ اس موقع پرایم پی اے منشاء اﷲ بٹ بھی موجود تھے۔