حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں میں بڑے بڑے چور اور لٹیرے بیٹھے ہیں جو کسی صورت بھی احتساب نہیں چاہتے ،جماعت اسلامی24 جولائی کو کرپشن کیخلاف راولپنڈی میں عوامی پیدل مارچ کرے گی

قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کاافطار ڈنر سے خطاب

جمعہ 1 جولائی 2016 21:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء ) قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں میں بڑے بڑے چور اور لٹیرے بیٹھے ہیں جو کسی صورت بھی احتساب نہیں چاہتے ،جماعت اسلامی24 جولائی کو کرپشن کیخلاف راولپنڈی میں عوامی پیدل مارچ کرے گی، لوٹ کھسوٹ کے نظام کو مزید پھلنے پھولنے کا موقع نہیں دیا جائے گا۔

پاکستان کے نظریہ اور اسلامی تشخص کی حفاظت کی جائے گی ،مغرب کے ذہنی غلام سیکولر و لبرل طبقہ کو ملک کی شناخت سے کھیلنے کاموقع نہیں دیا جائے گا ۔ آئین پاکستان میں قرآن و سنت کو سپریم لاء اور اﷲ تعالیٰ کو حاکم اعلیٰ تسلیم کیاگیاہے ۔ ملک کی سا لمیت اور بقا اسلام سے وابستہ ہے ۔ دینی قوتیں باہمی اختلافات سے نکل کر ملک میں شریعت کے نفاذ کے لیے متحد ہو جائیں ۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو اپنی طرف سے صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر اور جامع مسجد منصورہ میں منعقدہ دورہ تفسیرقرآن کریم کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ معاشرہ قرآن و سنت کی تعلیمات سے دوری کی وجہ سے کرپشن ، بدعنوانی ، لوٹ کھسوٹ اور بے راہ روی کاشکار ہے ۔ طا قتور کرپٹ ٹولہ ملکی اقتدار پر قابض ہے جس نے نیب ، ایف آئی اے اور احتساب کے دیگر اداروں کو بے بس کر کے عملاً احتساب کے نظام کو ناکام بنادیاہے ۔

حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں میں بڑے بڑے چور اور لٹیرے بیٹھے ہیں جو کسی صورت بھی احتساب نہیں چاہتے ۔ انہی لوگوں کے نام پانامہ لیکس اور قرضے معاف کرانے والوں میں شامل ہیں ۔ یہ قوم کی لوٹی دولت کو ہضم کرنا چاہتے ہیں مگر ہم انہیں آسانی سے قوم کی خون پسینے کی کمائی ہضم نہیں کرنے دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی24 جولائی کو کرپشن کیخلاف راولپنڈی میں عوامی پیدل مارچ کرے گی، لوٹ کھسوٹ کے نظام کو مزید پھلنے پھولنے کا موقع نہیں دیا جائے گا ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ جب بھی ملک میں قرآن وسنت کی بالادستی کی بات ہوتی ہے ، مغرب زدہ این جی اوز اپنے بلوں سے باہر نکل آتی ہیں اور علما اور اسلامی اداروں کو تضحیک کا نشانہ بنانا شروع کر دیتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ڈالروں پر پلنے والی این جی اوز کے مطالبہ پر یا سینیٹ کی کسی نام نہاد کمیٹی کے کہنے پر اسلامی نظریاتی کونسل کو ختم نہیں کیا جاسکتا ۔ اسلامی نظریاتی کونسل آئینی ادارہ ہے جسے پوری قوم کی حمایت حاصل ہے ۔ لیاقت بلوچ نے رمضان ٹرانسمیشن کے نام پر چینلز پر چلائے جانے والے بے ہودہ پروگراموں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ شرارتی اور بدنام لوگوں کو چینلز پر بٹھا کر اسلام کاچہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ پیمرا کو اس کا سختی سے نوٹس لیناچاہیے ۔