گوادر بندرگاہ کی ترقی اور پاک چین اقتصادی راہداری کی مجموعی کامیابی لازم و ملزوم ہے ،پاک بحریہ اہم میری ٹائم انفرا سٹرکچر کے بحری دفاع کو یقینی بنانے کیلئے مکمل طور پر پُر عزم ہے

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ کا گوادر میں قائم نیول تنصیبات کے دورہ پر خطاب

جمعہ 1 جولائی 2016 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء) چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ نے گوادر میں تعینات پاکستان نیوی کی یونٹس کی آپریشنل تیاریوں اور بندر گاہ کی سکیورٹی کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے گوادر میں قائم نیول تنصیبات کا دورہ کیاجس دوران کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل وسیم اکرم نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران نیول چیف کو گوادرمیں جاری آپریشنل سر گرمیوں اور گوادر بندر گاہ سے متعلقہ سکیورٹی کے مختلف پہلوؤں بالخصوص پاک چین اقتصادی راہداری کے تناظر میں بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر نیول چیف نے کسی بھی قسم کے خطرے کی صورت میں حساس و اہم میری ٹائم انفرا سٹرکچر کے بحری دفاع اور پاکستان کے میری ٹائم اثاثوں کی حفاظت کے پاکستان نیوی کے عزم کا اظہار کیا اور اس امر پر زور دیا کہ گوادر بندرگاہ کی ترقی اور پاک چین اقتصادی راہداری کی مجموعی کامیابی لازم و ملزوم ہے۔

(جاری ہے)

آفیسرز اور سیلرز سے گفتگو کے دوران نیول چیف نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت و نگرانی کے سلسلے میں آفیسرز و سیلرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور لگن کے جذبے کو سراہا۔نیول چیف بندرگاہ کی سکیورٹی کے سلسلے میں کئے جانے والے پاک بحریہ کے اقدامات اور پاک بحریہ کے آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں نیول چیف نے آفیسرز اور سیلرز کے ساتھ غیر رسمی گفتگو بھی کی۔

متعلقہ عنوان :