سول سیکرٹریٹ لاہور کے 13بسوں کے بیڑے میں 5نئی بسوں کا اضافہ

ملازمین کو مزید خوشخبریاں دیں گے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ

جمعہ 1 جولائی 2016 21:05

لاہور۔یکم جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جولائی ۔2016ء ) ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے سول سیکرٹریٹ لاہور میں سیکرٹریٹ ملازمین کو گھروں سے سیکرٹریٹ لانے اور واپس لے جانے(پک اینڈ ڈراپ) کیلئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر حال ہی میں خریدی گئی 5نئی ہینو پاک بسوں کو سڑک پر لانے کی تقریب میں ”سرخ فیتہ “کاٹ کر نئی بسوں کے سفر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، سول سیکرٹریٹ لاہور کی اپنی 13بسوں کے بیڑے میں نئی بسوں کے اضافے کے بعد ملازمین کی سہولت کیلئے مختص بسوں کی مجموعی تعداد18ہو گئی ہے جبکہ ایک بڑی کوسٹر بھی اس مقصد کیلئے پہلے سے سول سیکرٹریٹ میں موجود ہے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے اس موقع پر پنجاب سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور سیکرٹریٹ کے ڈرائیورزکو مبارکباد دی اور کہا کہ بہت جلد سیکرٹریٹ ملازمین اور دیگر سرکاری ملازمین کو مزید خوشخبریاں دیں گے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ ونگ ایس اینڈ جی اے ڈی ملک عاشق حسین اولکھ نے اس موقع پر بتایا کہ 5نئی ہینو بسیں 4کروڑ 19لاکھ روپے کی لاگت سے خریدی گئی ہیں۔

حکومت پنجاب کی طرف سے سول سیکرٹریٹ ملازمین کو لاہور شہر میں واقع ان کے گھروں سے سیکرٹریٹ لانے اور واپس لے جانے کیلئے پہلے سے مستعمل روٹس پر 13بسیں چلانے کے علاوہ 5نئی بسیں 5 نئے روٹس پرسیکرٹریٹ سے رائیونڈ ،سیکرٹریٹ سے مانگا منڈی ،سیکرٹریٹ سے ٹاؤن شپ لاہور ، سیکرٹریٹ سے قصوراور سیکرٹریٹ سے شیخوپورہ تک چلیں گی۔ واضح رہے کہ سول سیکرٹریٹ کے1500 سے زیادہ ملازمین روزانہ سرکاری ٹرانسپورٹ کی یہ سہولت محض ساٹھ روپے ماہانہ پر دستیاب خصوصی پاس کی بنیاد پر حاصل کر رہے ہیں۔

5نئی بسوں اور 5نئے روٹس کے اضافے سے پنجاب سول سیکرٹریٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کا ایک دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے ،نئے روٹس کا تعین بھی سیکرٹریٹ ملازمین کی مشاورت سے کیا گیا ہے، ایڈیشنل سیکرٹری ویلفےئر مدثر ریاض ملک اورموٹر ٹرانسپورٹ آفیسر سول سیکرٹریٹ لاہور اعجاز کریم کے علاوہ سیکرٹریٹ ایمپلائز یونین کے عہدیداروں چوہدری شاہد محمود اورعبدالکریم اعوان سمیت سیکرٹریٹ ملازمین کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی جنہوں نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ کی تقریب میں آمد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا شاندار استقبال کیا۔

متعلقہ عنوان :