کراچی کے بیشتر نالوں پر تجاوزات اور کچی آبادیاں قائم کردی گئی ہیں جس کی وجہ سے نالوں کی چوڑائی بہت کم ہوگئی ہے، وزیر بلدیات سندھ

اکثر مقامات پر یہ نالے بند ہوچکے ہیں جس کے باعث شہر میں برساتی پانی کی نکاسی کا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے، مختلف علاقوں میں نالوں کا دورہ

جمعہ 1 جولائی 2016 21:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جولائی ۔2016ء) صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا ہے کہ کراچی کے بیشتر نالوں پر تجاوزات اور کچی آبادیاں قائم کردی گئی ہیں جس کی وجہ سے نالوں کی چوڑائی بہت کم ہوگئی ہے اور اکثر مقامات پر یہ نالے بند ہوچکے ہیں جس کے باعث شہر میں برساتی پانی کی نکاسی کا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کے ہمراہ منظور کالونی ، ڈیفنس موڑ، پی ای سی ایچ ایس بلاک 6 ، کراچی ایڈمن سوسائٹی اور دیگر علاقوں میں واقع نالوں کے دورے کے موقع پر کہی، ایڈمنسٹریٹر ڈی ایم سی ایسٹ رحمت اﷲ شیخ، ڈپٹی کمشنر ایسٹ آصف جان، چیف انجینئر نالہ ابراہیم بلوچ، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ، وزیر بلدیات نے کہا کہ منظور کالونی نالے کی صفائی اور ڈی سلٹننگ کا کام آؤٹ سورس کردیا گیا ہے جہاں جہاں بھاری مشینری کی ضرورت ہوئی وہاں بھاری مشینری کے ذریعے اور جس جگہ مینول کام کی ضرورت ہوئی وہاں مینول طریقے سے نالوں کی صفائی کا کام کیا جائے گا انہوں نے کنٹریکٹر کو بلا کر ہدایت کی کہ نالوں کی صفائی کا کام انتہائی تیزی سے انجام دیا جائے اور دن رات کام کرکے نالوں کو صاف کیا جائے تاکہ جلد از جلد برساتی پانی کی نکاسی ممکن بنائی جاسکے انہوں نے ہدایت کی کہ منظور کالونی میں ڈیڑھ کلو میٹر طویل زیر زمین نالے کو جسے چھت ڈال کر بند کیا چکا ہے مختلف مقامات پر سڑک کاٹ کر اس نالے کی صفائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی کے پانچ بڑے نالوں کی صفائی کا کام آؤٹ سورس کردیا گیا ہے کنٹریکٹ دیئے جاچکے ہیں اور نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے عید کے موقع پر تیز بارشوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مدنظر تمام متعلقہ محکموں کے افسران و دیگر عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، رین ایمرجنسی پہلے سے نافذ ہے اور عید کے تینوں دن ان تمام محکموں کے دفاتر کھلے رہیں گے جبکہ ریسکیو یونٹ سمیت ڈیزاسسٹر مینجمنٹ کا تمام عملہ اور مشینری بھی دستیاب حالت میں رہے گی۔

متعلقہ عنوان :