اﷲ تعالیٰ کے ا حکامات اور قرآن پاک کی تعلیمات سے روگردانی کی وجہ سے آج امت زوال کاشکار ہے‘حافظ محمدادریس

پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا مگر اقتدار پر قابض رہنے والوں نے اسلام کو ملک پر حکمرانی کا موقع نہیں دیا ‘نائب امیر جماعت اسلامی

جمعہ 1 جولائی 2016 20:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جولائی ۔2016ء ) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ کی جامع مسجد میں چالیس روزہ قرآن کریم کی تکمیل پر ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت چوہدری محمد اسلم سلیمی سابق نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کی ۔ دورہ قرآن کریم شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبدالمالک نے کرایا ۔ یہ منصورہ میں 38 واں دورہ قرآن پاک تھا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہاکہ اﷲ تعالیٰ کے ا حکامات اور قرآن پاک کی تعلیمات سے روگردانی کی وجہ سے آج امت زوال کاشکار ہے ۔ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا مگر اقتدار پر قابض رہنے والوں نے اسلام کو ملک پر حکمرانی کا موقع نہیں دیا ۔ ملک میں امن و امان کی مخدوش صورتحال ، دہشتگردی ، بھوک اور غربت حکمرانوں کی اسلام مخالف روش کا نتیجہ ہے ۔

(جاری ہے)

امن و امان اور ترقی و خوشحالی اﷲ تعالیٰ کے نظام کے نفاذ ہی سے آسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام کی نشاۃ ثانیہ کے لیے ضرور ی ہے کہ مسلمان قرآن کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں کا مرکز و محور بنائیں ۔ کفر و شرک کی تاریکیوں کے خاتمہ کے لیے قرآن کی روشنی کو پھیلانے کی ضرورت ہے ۔قرآن ہمیں ایک قوم بناتاہے اور اﷲ تعالیٰ نے تمام مسلمانوں کو بھائی بھائی قرار دیاہے ۔

ہمیں فرقہ پرستی کو چھوڑ کر ایک امت بننے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان درحقیقت اس دن پاکستان بنے گا جس دن ملک کے قوانین قرآن و سنت کے مطابق بنائے جائیں گے اور ملک میں شریعت کا نفاذ ہوگا ۔تقریب سے دورہ تفسیر کے استاد شیخ القرآن مولانا عبدالمالک اور چوہدری محمد اسلم سلیمی نے بھی خطاب کیا ۔ چالیس روزہ دورہ تفسیر میں ملک بھر سے400 سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی اور سند تکمیل دورہ تفسیر حاصل کی ۔

متعلقہ عنوان :