صحافیوں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر دیئے جائیں گے، تمام میڈیا ورکرز کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے

وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات سید عمران گردیزی کی راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے وفد سے گفتگو

جمعہ 1 جولائی 2016 20:34

اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جولائی ۔2016ء) وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات سید عمران گردیزی نے کہا ہے کہ صحافیوں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر دیئے جائیں گے۔جمعہ کو راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس(آر آئی یو جے)کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے انہیں یقین دیانی کرائی کہ وزارت صحافی تنظیموں کے رہنماوں کے ساتھ مل کر ان کے تمام مسائل حل کرنے میں تعاون کرے گی۔

آر آئی یو جے کے صدر علی رضا علوی کی قیادت میں وفد نے جمعہ کو سیکرٹری اطلاعات و نشریات سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بول ٹی وی چینل کے ملازمیں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی،ویج بورڈ ایوارڈ، میڈیا ورکرز کو تنخواہوں کی ادائیگی اور جرنلسٹس کمیونٹی کو درپیش دیگر مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی سیکرٹری نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت میڈیا ورکرز کے ساتھ ہے اور بول ٹی وی چینل کے ملازمین کی تنخواہوں کا معاملہ جلد از جلد حل کیا جائے گا، اس سلسلے میں سیکرٹری اطلاعات نے پی آئی او پی آئی ڈی، صدر اور سیکرٹری جنرل آر آئی یوجے اور ڈائریکٹر (میڈیا) وزارت اطلاعات و نشریات پر مشتمل کمیٹی قائم کردی جو صورتحال کا جائزہ لے گی۔

سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ تمام میڈیا ورکرز کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی کو ملازمین کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کا معاملہ تمام نیوز چینلز اور اخباری مالکان کے سامنے اٹھانا چاہیئے۔اس موقع پر گلگت بلتستان سے شائع ہونے والے اخباروں کو درپیش مسائل پر بھی بحث ہوئی۔

وفد نے سیکرٹری اطلاعات کو آگاہ کیا کہ گلگت بلتستان حکومت اشتہارات سے متعلق واجبات کی ادائیگیوں میں پس و پیش سے کام لے رہی ہے جس کی وجہ سے ملازمین کو تنخواہوں کے مسائل کا سامنا ہے۔ سیکرٹری اطلاعات نے وفد کو یقین دہانی کرادی کہ یہ معاملہ بھی گلگت بلتستان حکومت کے سامنے اٹھایاجائے گا اور اس سلسلے میں انہوں نے ایک کمیٹی بھی تشکیل دیدی۔

متعلقہ عنوان :