شیعہ علما کونسل کے زیر اہتمام القدس ریلیاں، ناجائز اسرائیلی ریاست مسترد، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ

القدس تحریک قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی‘عالم اسلام کے مسائل کا حل اتحاد امت ہے فلسطینی عوام کی جدوجہد رنگ لائے گی، مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنے میں علامہ ساجد نقوی کاکردار قابل تحسین ہے‘علامہ سبطین سبزواری، لیاقت بلوچ اور علامہ افضل حیدری سمیت دیگر کا ریلی کے شرکاء سے خطاب

جمعہ 1 جولائی 2016 20:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جولائی ۔2016ء ) شیعہ علما کونسل کے زیر اہتمام قائد ملت جعفریہ پاکستان اور اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں نماز جمعتہ الوداع کے بعد القدس ریلیوں کا انعقاد کرکے ناجائز اسرائیلی ریاست کے وجود کو مسترد اور فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا گیا ۔

یہ ریلیاں پنجاب ،سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چھوٹے بڑے شہروں میں نکالی گئیں۔ لاہور میں صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری کی قیادت میں القدس ریلی پریس کلب سے پی آئی اے بلڈنگ تک نکالی گئی۔ جس میں جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ، جعفریہ یوتھ، وفاق المدارس الشیعہ،شیعہ علما کونسل لاہور شعبہ خواتین ، اسلامک ایمپلائیزکے کارکن شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

خواتین کی بڑی تعداد بھی بچوں کے ساتھ ریلیوں میں شامل تھی جنہوں نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور امریکی پرچم نذر آتش بھی کیا۔ کارکنوں نے امام خمینی، رہبرمعظم آیت اﷲ خامنہ ای اور قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد علی نقوی کی تصاویر اور مطالبات کے حق میں پلے کارڈز اوربینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔

جماعت اسلامی کے قائم مقا م امیر لیاقت بلوچ اور جمعیت علما پاکستان پنجاب کے صدر علامہ قاری زوار بہادر سمیت علامہ افضل حیدری، مولانا اشتیاق کاظمی،حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا نثار حسین،توقیر حسین بابا، شہباز حیدر نقوی ، آصف علی زیدی، جعفر شاہ، صغیر ورک،قاسم علی قاسمی،ملک شوکت علی اعوان،ملک فقیر حسین،عامر علی خاں بھٹی ، مولانا یعقوب رضا حیدری ، فخر عباس بٹر،محمود علی بھٹی اور دیگر نے ریلی سے خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب میں علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ فلسطین امت مسلمہ کا مسئلہ ہے، جس سے کوئی آزاد پسند انسان الگ تھلگ نہیں رہ سکتا۔ امام خمینی کی ہدایت پر شروع ہونے والا القدس قافلہ فلسطین کی آزادریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی پرہی اختتام پذیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملت تشیع نے دنیا بھر میں مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرکے فرض کفایہ خوب نبھایا ہے اور استعمار دشمنی کی بھاری قیمت بھی ادا کی ہے۔

ہمیں خوشی ہے کہ دیگر مسالک کے پیر وکار بھی اس جدوجہد میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں، جوکہ اتحاد امت کا بہترین موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی مظالم کے مقابلے کے لئے امت مسلمہ کو اتحاد مضبوط بنانا چاہیے۔ریلی سے خطاب میں لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے مسائل کا حل اتحاد امت ہے، جس کے لئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں اسلامی تحریکوں کے رہنما کوشاں ہیں۔

قاری زوار بہادر کا کہنا تھاکہ مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنے اور پاکستان میں اتحاد کی فضا قائم کرنے میں علامہ ساجد علی نقوی کا کلیدی کردار قابل تحسین ہے۔ علامہ افضل حیدری نے کہا کہ فلسطینی عوام کی جدوجہد رنگ لائے گی۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو اسرائیلی مظالم کیوں نظر نہیں آتے۔ مولانا اشتیاق کاظمی نے کہا کہ مسلم ممالک بہادر اور متقی قیادت میں متحد ہوجائیں تو فلسطین کی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :