چیئرمین نادرا کا مولانا فضل الرحمان کی تصدیق پر فاٹا سے تعلق رکھنے والے افراد کو شناختی کارڈ جاری کرنے سے انکار ، فضل الرحمان برہم ہوگئے ، معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان

وزیر داخلہ نے چیئرمین نادار کو تصدیق شدہ افراد کو شناختی کارڈز جاری کرنے کی ہدایت کی تھی ، میری تصدیق اور خط کو مستردکردیاگیا ، ایک بڑی جماعت کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ کی تصدیق کو نہ مان کر چیئرمین نادرا نے توہین کی ہے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی بات چیت

جمعہ 1 جولائی 2016 19:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء) چیئرمین نادرا عثمان مبین نے جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی تصدیق کو مسترد کرتے ہوئے قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو شناختی کارڈ جاری کرنے سے انکار کر دیا، مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین نادرا کے رویے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایک بڑی جماعت کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ کی تصدیق کو نہ مان کر چیئرمین نادرا نے توہین کی ہے۔

جمعہ کو مولانا فضل الرحمان نے صحافیوں کو بتایا کہ چیئرمین نادرا ارکان پارلیمنٹ کی تصدیق کو نہیں مان رہے، میں نے قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی شناختی کارڈ جاری کرنے کیلئے اپنا خط بھیجا اور ان افراد کی تصدیق کی کہ یہ پاکستانی ہیں انہیں شناختی کارڈ جاری کئے جائیں لیکن چیئرمین نادرا نے میری تصدیق اور میرے خط کو مسترد کر دیاحالانکہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کر کے میں نے یہ معاملہ اٹھایا تھا تو انہوں نے ہی چیئرمین نادرا کو ہدایت کی تھی کہ جن افراد کی تصدیق کی جائے ان کو شناختی کارڈ جاری کر دیئے جائیں۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ وہ اب یہ معاملہ پارلیمنٹ میں بھی اٹھائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے آپریشن ضرب کے بعد نقل مکانی کی ۔ان لوگوں نے قربانیاں دیں اور اگر اب ان کو کارڈ نہیں ملے گا تو پھر کس کو ملے گا