عید الفطر کے دوران ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیاں جاری رکھنے کی ہدایت

Mohammad Ali IPA محمد علی جمعہ 1 جولائی 2016 19:50

لاہور (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم جولائی۔2016ء ) وزیراعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت کی ہے کہ عید الفطر کے دوران ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں اور قبرستانوں ، تعمیراتی جگہوں ،ٹائر شاپس اور کباڑ خانوں میں ڈینگی سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مون سون کی اضافی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو زیادہ محنت کے ساتھ ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے کے لئے اقدامات کرنا ہونگے ۔

یہاں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کہی اجلا س میں سیکرٹری پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ علی جان خان ، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر مختا ر حسین سید اور تمام اہم سرکاری محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

لاہور ، گوجرانوالہ ، راولپنڈی اور ملتان کے کمشنرز و ڈی سی او ز نے ویڈیو لنک کے زریعے اجلاس میں شرکت کی اور اپنے اپنے ضلعوں میں جاری انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں بارے بریفنگ دی ۔

خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ اوقاف کے کسی افسر کی اجلاس میں عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسران تساہل پسندی چھوڑ کر اپنے فرائض دیانتداری ادا کریں ۔انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ اوقاف مساجد اور مزارات کی حدود میں صفائی اور ڈینگی سرویلنس پر خصوصی توجہ دیں اور نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات کے پیش نظر ڈینگی سرویلنس پر خصوصی توجہ دی جائے ،اجلاس میں ایڈیشنل ڈائر یکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر فیاض بٹ نے صوبے میں ڈینگی کی صورت حال پر بریفنگ دی ۔

چیف منسٹر ڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج پروفیسر وسیم اکرم نے ڈینگی آؤٹ ڈوراور ان ڈور سرویلنس کے اعداد وشمار میں خامیوں کو دور کرنے پر زور دیا ۔ خواجہ سلمان رفیق نے لاہور اور راولپنڈی کینٹ کے علاقوں میں ڈینگی سرویلنس کے لئے خصوصی پلان پر عملدرآمد کی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :