معاون خصوصی اعلیٰ تعلیم کی چینی سفارت کاروں سے ملاقات

خیبرپختونخوا کے طلباء کے لئے وظائف اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع پر تبادلہ خیال

جمعہ 1 جولائی 2016 18:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جولائی ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم اوراطلاعات وتعلقات عامہ مشتاق احمد غنی نے اسلام آباد میں مقیم چینی سفارت کاروں کے ساتھ اہم ملاقات کی اوران کے ساتھ خیبرپختونخوا کے طلباء کے لئے وظائف اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ چین کے سفارت خانے کی نمائندگی ڈپٹی چیف آف مشن اورسیاسی مشیر MD.Zhoo Lian نے کی جبکہ دوسروں کے علاوہ چینی سفیر کی تعلیم اور سیکرٹری کلچر بھی موجود تھیں ۔

صوبائی حکومت کے وفد میں صوبائی سیکرٹری ابتدائی وثانوی تعلیم خالدلطیف اورایڈیشنل سیکرٹری اعلیٰ تعلیم خالد خان بھی شامل تھے۔ صوبائی وفد کو بتایا گیا کہ چین ہر سال پاکستان کوگریجویٹ ،پوسٹ گریجویٹ اورڈاکٹریٹ کے 220 سکالرشپ فرہم کرتاہے جس پر صوبائی وفد نے مطالبہ کیاکہ خیبرپختونخوا کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان سکالرشپس میں صوبے کے طلباء کیلئے کوٹہ مخصوص کیا جائے۔

(جاری ہے)

وفد نے یہ بھی مطالبہ کیاکہ خیبر پختونخواکے حالات اور چین کے ساتھ ہمسائیگی کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبے کو چینی زبان کے لئے موجود 200 سکالرشپس میں کوٹہ اوراس کے علاوہ مخصوص اور سکالرشپس بھی فرہم کی جائیں۔ اس موقع پرچائنیز وفد نے یقین دلایا کہ نہ صرف یہ سکالرشپس بڑھانے پرغورکیا جائے گا بلکہ خیبرپختونخو اکے اضلاع پشاور اورایبٹ آباد کی یونیورسٹیوں میں انسٹی ٹیوٹ آف چائینز لینگویج کلچر کانفرنس بھی بنائے جائینگے ۔

دونوں جانب سے اس بات کااعادہ کیاگیاکہ خیبرپختونخوا،سینکیانگ جبکہ ابیٹ آباداورکاشغر برادرشہرہونے کی وجہ سے ایک دوسرے کے لئے خصوصی وظائف اور تعلیمی سہولیات کا بندوبست کریں گے اور پشاورمیں ایک ایجوکیشن اورکلچر ڈیسک بھی بنایا جائیگا جس سے بعد میں مکمل قونصلیٹ کادرجہ دیا جائیگا ۔اس کے علاوہ پاکستان میں چائنہ اولمنائی ایسوسی ایشن(China Alumni Association) بھی بنائی جائیگی۔

جس سے چین سے فارغ التحصیل طلباء کو آپس میں روابط رکھنے کا موقع ملے گا ۔ چینی وفد نے یہ بھی اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا سے تین نرسز اورتین لیکچرز کو 20 ،20 دن ٹریننگ کے لئے چین بھیجا جائیگا اوربیجنگ میں ہونے والے 12 روزہ سمرکیمپ میں بھی خیبرپختونخوا سے کم از کم 6 نوجوانوں کو شامل کیا جائیگا۔ اس کے ساتھ ساتھ چین میں مقامی اور علاقائی سطح پر مختلف سکالرشپ کے مواقع بھی پیدا کئے جائینگے۔

متعلقہ عنوان :