سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نے ویلیوئرز رجسٹریشن اینڈ گورننس ریگولیشن کا مسودہ عوامی آراء و تجاویز کیلئے جاری کر دیا

جمعہ 1 جولائی 2016 17:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جولائی ۔2016ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ویلیوئرز رجسٹریشن اینڈ گورننس ریگولیشن کا مسودہ عوامی آراء و تجاویز کیلئے جاری کر دیا ہے اور ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔ دلچسپی رکھنے والے افراد و ادارے 30 دن کے اندر نئے ریگولیشن پر اپنی تجاویز و آراء سے کمیشن کو آگاہ کر سکتے ہیں۔

موصول ہونے والی تجاویز کی روشنی میں ان ضوابط کو حتمی شکل دے دی جائیگی ٗ نئے ریگولیشن پیشہ ورانہ ویلیوئرز کے کام کو ریگولیٹ کرنے کے لئے تشکیل دیئے گئے ہیں۔ ریگولیشن میں ویلیوئرز کی کمپنی کی صورت میں رجسٹریشن کا طریقہ کار فراہم کیا گیا اور ویلیوئرز کے لئے اہلیت کا معیار بھی مقرر کر دیا گیا ہے۔ نئے ریگولیشن میں ویلیوئرز کے کام کا معیار برقرار رکھنے کے لئے فریم ورک بھی دیا گیا ٗ رجسٹرڈ ویلیوئرز کو ریٹنگ جاری کرنے کے لئے کوالٹی کنٹرول بورڈ بھی قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ان ریگولیشن میں ویلیوایشن کمپنی کے ڈائریکٹرز اور سینئر مینجمنٹ کے لئے کوڈ آف کنڈکٹ اور اخلاقی معیارات بھی تجویزکئے گئے ہیں۔ اس سے پہلے یہ سیکٹر مجموعی طور پر ریگولیٹ نہیں کیا جا رہا تھا۔ ایس ای سی پی نے اس شعبے کو ریگولیٹ کرنے کے لئے فریم ورک تشکیل دیا اور بین الاقوامی تجربات اور مقامی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اور تمام شراکت داروں بشمول سٹیٹ بینک آف پاکستان، پاکستان بینکنگ ایسوسی ایشن اور پیشہ وارانہ ویلیوئرزکی مشاورت سے ان ریگولیشن کے مسودہ کو ترتیب دیا۔