وزیر اعظم کی بے مثال اقتصادی بحالی کیلئے انتھک کوششوں پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی قیادت میں حکومت کی اقتصادی ٹیم کو مبارکباد

زرمبادلہ کے ذخائر کا پاکستان کی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچنا موجودہ حکومت کی کامیاب اقتصادی پالیسیوں کا عکاس ہے ،محمدنواز شریف موجودہ حکومت 900 ارب روپے کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر عمل درآمد کر رہی ہے ٗ بیان

جمعہ 1 جولائی 2016 17:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جولائی ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک کی بے مثال اقتصادی بحالی کیلئے انتھک کوششوں پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی قیادت میں حکومت کی اقتصادی ٹیم کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر کا پاکستان کی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچنا موجودہ حکومت کی کامیاب اقتصادی پالیسیوں کا عکاس ہے۔

جمعہ کو جاری ایک بیان میں وزیراعظم نے اقتصادی میدان میں سنگ میل عبور کرنے اور ملک کو پائیدار اقتصادی ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے پر معاشی ٹیم کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر 23 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں جو جون 2013ء میں 6.8 ارب ڈالر تھے۔ زرمبادلہ کے ذخائر کا پاکستان کی تاریخ میں بلند ترین سطح پر پہنچنا موجودہ حکومت کی کامیاب اقتصادی پالیسیوں کا عکاس ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری پالیسیوں کا مقصد طویل المدت اقتصادی استحکام اور پائیدار ترقی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 3104 ارب روپے مالیت کے ٹیکس محصولات کی وصولی گزشتہ تین برسوں میں 60 فیصد اضافہ کی مظہر ہے جو سالانہ اوسطاً 20 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2008ء سے 2013ء تک کے عرصہ کے درمیان ٹیکس محصولات میں اوسطاً صرف تین فیصد اضافہ ہوا تھا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ دو مالیاتی برسوں میں مزید اقتصادی ترقی اور توانائی و بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں وسیع تر سرمایہ کاری دیکھنے کو ملے گی۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت 900 ارب روپے کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر عمل درآمد کر رہی ہے جن میں 1.5 ارب ڈالر کی نجی سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے ابھرتی ہوئی مارکیٹ کا درجہ حاصل کرنا دانشمندانہ مالیاتی و اقتصادی پالیسیوں کا آئینہ دار ہے جس کا اعتراف بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے وژن کی کامیابی محض نعروں کی بجائے معاشی استحکام میں نظر آتی ہے۔