ارشد علی عمرزئی کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کا سرے سے علم ہی نہیں،سینٹرالیاس بلور

صوبائی حکومت کی ترجیحات کچھ اور ہیں ،وزیراعلیٰ کے غیر دانشمندانہ فیصلوں سے پیڈو ختم ہوا ،ٹیوٹا اور ازمک جیسے ادارے سفید ہاتھی ،قومی خزانے پر بوجھ ہیں

جمعہ 1 جولائی 2016 17:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم جولائی ۔2016ء)سینیٹ آف پاکستان میں عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ٗملک کے ممتاز صنعتکار اور بزنس مین فورم کے لیڈرسینیٹر الیاس احمد بلورنے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے چیئرمین ارشد علی عمرزئی کی جانب سے گذشتہ روز بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہونیوالی میٹنگ میں عدم شرکت اورٹیوٹا کی کارکردگی اور معاملات کو بہتر بنانے میں ناکامی پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ ارشد علی عمرزئی کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کا سرے سے علم ہی نہیں اور ایک ایسے شخص کو ٹیوٹا جیسے ادارے کا چیئرمین بنانا اس صوبے کے عوام اور نوجوانو ں کے ساتھ کھلا مذاق ہے ۔

ایک بیان میں ملک کے سینئرسیاستدان اور ممتاز صنعتکار سینیٹر الیاس احمد بلور نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات کچھ اور ہیں اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے غیر دانشمندانہ فیصلوں کی وجہ سے پیڈو ختم ہوا اور ٹیوٹا اور ازمک جیسے ادارے سفید ہاتھی اور قومی خزانے پر بوجھ ہیں ۔

(جاری ہے)

سینیٹر الیاس احمد بلور نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور صوبائی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نااہل صوبائی حکومت نے اپنی ذمہ داریاں خود ساختہ اداروں کو سونپ دی ہیں اور ٹیوٹا اور ازمک میں نااہل لوگوں کو تعینات کرکے ان اداروں کی افادیت کو نہ صرف ختم کیا جا رہا ہے بلکہ ان اداروں کو قائم کرکے اربوں روپے کے فنڈز ضائع کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوانے ازمک سے کہہ دیا ہے کہ حکومت کے پاس پیسے نہیں ہیں اور ازمک انڈسٹریل اسٹیٹ کو پرائیویٹائز یا انڈسٹریل پلاٹس کو کمرشل کرکے اپنے اخراجات پورے کرے ۔ انہوں نے کہا کہ جس صوبے کے وزیراعلیٰ کی ایسی سوچ ہو وہ صوبہ کس طر ح معاشی ٗ اقتصادی اور صنعتی لحاظ سے ترقی کرسکتا ہے اور اس پر صوبائی حکومت کی خاموشی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ وزیراعلیٰ اور صوبائی حکومت کو صوبے میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اور انڈسٹریلائزیشن کے فروغ سے کوئی سروکار نہیں ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی خیبر پختونخوا میں اہل چیئرمین اور وائس چیئرمین کی تعیناتی فوری طورپر عمل میں لائی جائے تاکہ صوبے میں فنی تعلیم اور مہارت کے امور کو عملی جامع پہنایا جاسکے اور پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کرکے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جاسکے ۔ انہوں نے خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔