پانامہ لیکس پر حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کو تحفظ دینے کی پالیسی پر گامزن ہیں،عید کے بعد پارٹی کا باقاعدہ افتتاح ملتان سے کریں گے،سربراہ عوامی راج پارٹی ایم این اے جمشید دستی کا شمولیتی اجتماع سے خطاب

جمعہ 1 جولائی 2016 16:48

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء) عوامی راج پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے عوامی راج پارٹی کا باقائدہ افتتاح عید الفطر کے بعد چوک گھنٹہ گھر ملتان سے کرنے کا اعلان کیا ہے ۔یہ اعلان انہوں نے ملتان کے نواحی علاقہ بستی جہانگیر آباد میں پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کے سرکردہ رہنماؤں کی عوامی راج پارٹی میں شمولیت کے موقع پر ایک اجتماع سے خطاب میں کیا ۔

اس موقع پر یونین کونسل 60کے پیپلز پارٹی کے رہنما اظہر علی چاون ،سید عزیز الرحمن ،محمد ناصر کمبوہ اور (ن)لیگ کے رہنما ملک یوسف گجر نے عوامی راج پارٹی میں ساتھیوں سمیت شمولیت کا اعلان کیا ۔جمشید دستی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ عوامی راج پارٹی حقیقی معنوں میں مزدوروں ، کسانوں اور محنت کشوں کی پارٹی ہے۔

(جاری ہے)

انشاء اللہ عید کے فوراً بعد پارٹی کا باقائدہ افتتاح چوک گھنٹہ گھر ملتان سے کروں گا افتتاح سے قبل ہم گھنٹہ گھر چوک پر جھاڑو دیں گے جس میں عوام بھی شریک ہوں گے بعدازاں وہ میڈیا کو پارٹی کے منشور اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے ۔

جمشید دستی نے مزید کہا کہ پانامہ لیکس پر حکومت اور اپوزیشن کے سیاستدان ایک دوسرے کو تحفظ دینے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔ اس ملک میں نہ تو کسی کا احتساب آج تک ہوا ہے اور نہ ہی نواز شریف اور ان کی فیملی کا احتساب ہو تا دکھائی دے رہا ہے کیونکہ جب تک چوروں اور کرپشن کرنے والوں اور قومی دولت لوٹنے والوں کو پھانسی کی سزا کا قانون منظور نہیں کیا جا تا اس وقت تک کرپشن ختم نہیں ہو سکتی عوامی راج پارٹی کی طرف سے ایک بار پھر اسمبلی میں کرپشن کی سزا موت کا بل پیش کرنے کی کوشش کروں گا کیونکہ اس وقت اپوزیشن کی تمام جماعتیں کرپشن کے خلاف آواز بلند کر رہی ہیں توقع ہے کہ اب میں جو بل پیش کروں گا اس کی حمایت کی جا ئے گی ۔

انہوں نے کہا کہ میری پارٹی مزدوروں کے حقوق کی آواز بلند کرتی رہے گی اسی طرح کسانوں کے ساتھ ماضی کی طرح حالیہ بجٹ میں بھی دھوکہ کیا گیا ہے کیونکہ اب تک نواز شریف اور شہباز شریف نے کسان پیکج کے اعلانا ت کئے ہیں لیکن آج تک عملدر آمد نہیں ہو سکا انہوں نے کہا کہ عید کے بعد ملتان میں پارٹی کا باضابطہ افتتاح کی تاریخ کا اعلان کروں گا اس موقع پر انہوں نے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ چھوڑ کر عوامی راج پارٹی میں شمولیت کرنے والے رہنماؤں کا خیر مقدم کیا اس موقع پر میاں علی سمرا سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔