شاہد حامد قتل کیس، ایم کیو ایم قائد سمیت 3 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

جمعہ 1 جولائی 2016 16:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء ) سابق ایم ڈی کے ای ایس سی شاہد حامد قتل کیس میں ایم کیو ایم قائدالطاف حسین سمیت 3 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے۔ شاہد حامد قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ہوئی۔ اس موقع پر پولیس کی جانب سے شاہد حامد کے قتل کے الزام میں گرفتار نائن زیرو کے سیکیورٹی انچارج منہاج قاضی کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

کیس کے تفتیشی افسر سرور کمانڈر نے عدالت کو بتایا کہ شاہد حامد قتل کیس میں ایم کیو ایم قائد الطاف حسین، رہنما ندیم نصرت، اطہر اور سہیل زیدی مفرور ہیں جب کہ کیس ایک ملزم راشد اختر عرف شیخ کے ملنے کا امکان نہیں ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کی نقول بھی ملزم منہاج قاضی کو فراہم کر دی گئیں ہیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر کے دلائل سننے کے بعد ایم کیو ایم قائد سمیت 3 مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت کے موقع پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سابق ایم ڈی شاہد حامد کو 1997 میں فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا تھا جب کہ اس کا مقدمہ ڈیفنس تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ شاہد حامد قتل کیس میں صولت مرزا کو پھانسی دی جا چکی ہے۔

متعلقہ عنوان :