ملک بھر میں جمعتہ الوداع مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا‘ ملکی سلامتی اور باران رحمت کیلئے خصوصی دعائیں

جمعہ 1 جولائی 2016 16:43

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء) ملتان سمیت ملک بھر میں جمعتہ الوداع مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان و جنوبی پنجاب میں مساجد و مدارس ودیگر مقامات پر جمعتہ الوداع کے موقع پر نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات ہو ئے ملک وقوم کی سلامتی اور باران رحمت کے لئے خصوصی طور پر دعائیں مانگی گئیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں شاہی عید گاہ خانیوال روڈ پر جمعتہ الوداع کے موقع پر نماز جمعہ کے بڑے اجتماع میں امیر جماعت اہلسنت علامہ سید مظہر سعید کاظمی نے دعا کرائی ۔اسی طرح دربار حضرت شاہ رکن عالم ،دربار حضرت بہاؤالدین زکریا ، دربار حضرت شاہ گر دیز ،دربار حضرت شاہ شمس ،جامع انوار العلوم نیو ملتان ،مدرسہ ہدایت القرآن ممتاز آباد ، جامع خیرالمدارس چونگی نمبر 14 ودیگر مقامات پر نماز جمعہ کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہو ئے جس میں نمازیوں کی کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر علماء کرام ،خطباء نے ملک و قوم کی سلامتی اور امن و امان کے قیام کے سلسلے میں خصوصی طور پر دعائیں بھی کرائیں گئیں۔