رمضان المبارک میں ملائشیاء سے سینکڑوں غیر قانونی تارکین وطن کو رہا کروا کر پاکستان بھجوایا گیا، پاکستانی قونصلر

جمعہ 1 جولائی 2016 16:42

کوالالمپور/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء) پاکستانی ہائی کمیشن ملائشیاء میں تعینات قونصلر ملک محمد فاروق نے کہا کہ رمضان المبارک میں سینکڑوں غیر قانونی تارکین وطن کو ملائشیاء کی جیلوں سے رہائی دلوا کر پاکستان بھجوایا گیاہے ، پاکستانی ہائی کمیشن کا عملہ ملائشیاء کی جیلوں میں بند پاکستانی تارکین وطن کی ہر روز خبر لیتا ہے، پاکستانی حکومت کی جانب سے جرمانے ادا کرکے اُنہیں اعزازی پاسپورٹ جاری کرکے پاکستان بھجوانے کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔

وہ صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمشنر سید حسن رضا کی کاوشوں سے اب تک ہزاروں غیر قانونی پاکستانی تارکین وطن کو رہا کروا کر پاکستان بھجوایاگیا جبکہ ملائشیاء میں مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی لاشیں دو دن کے اندر پاکستان بھجوائی جاتی ہیں، جن کے تمام اخراجات پاکستانی حکومت برداشت کرتی ہے، اِن میں ایسے پاکستانی تارکین وطن کی لاشیں بھی شامل ہوتی ہیں جن کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہوتا جو محنت مزدوری کے غرض سے ملائشیاء آتے ہیں اور اکثر حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک محمد فاروق نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن سے ٹاؤٹ مافیا کا خاتمہ کر دیا گیا ہے ، اب پاکستانی تارکین وطن کی رسائی ہائی کمشنر سمیت تمام سفارت کاروں تک بآسانی ممکن ہے، ہر بدھ کے روز پاکستانی ہائی کمشنر اور دیگر سفارت کارہائی کمیشن میں پاکستانی تارکین وطن کے مسائل سنتے ہیں اور حل کرتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ اگر حکومت کی جانب سے مذید فنڈ مہیا کیا گیا تو ہم مشرقی ملائشیاء میں پاکستانی تارکین وطن کی سہولت کے لیئے قونصل خانہ قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔

جہاں سے پاکستانیوں کو ہزاروں میل کا فاصلہ طے کرکے کوالالمپور آنا نہیں پڑے گا۔ اُنہوں نے کہا پاکستانی ہائی کمیشن میں دوبارہ میڈیا سیل قائم کرنے کے متعلق کوشش جاری ہے تا کہ بروقت میڈیا کو سفارت کاروں اور تارکین وطن کے حالات کے متعلق آگاہ کیا جا سکے۔