اسلام آباد ڈرائی پورٹ روڈکی ناقص مرمت ماحول کو آلودہ کر رہی ہے سی ڈی اے اس کی جلد کارپٹنگ کرے‘ عاطف اکرام شیخ

جمعہ 1 جولائی 2016 16:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اسلام آباد ڈرائی پورٹ مین ڈبل روڈ کی ناقص مرمت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کیونکہ مذکورہ روڈ گرد وغبار اڑانے کی وجہ سے آئی نائن اور آئی ٹین انڈسٹریل ایریاز میں ماحول کو آلودہ کر رہی ہے جو مضر صحت ہے لہذا انہوں نے سی ڈی اے سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ اسلام آباد ڈرائی پورٹ مین ڈبل روڈ کی جلد از جلدمناسب کارپٹنگ کرنے پر توجہ دے تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے اور عوام کو آلودہ ماحول سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ڈرائی پورٹ مین ڈبل روڈ اس علاقے میں برآمدات و درآمدات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ اس سڑک کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے گذشتہ ڈھائی ماہ سے اس سڑک کو مرمت کر رہی ہے لیکن اس کی مناسب کارپٹنگ نہ ہونے کی وجہ سے یہ سڑک آئی نائن اور آئی ٹن انڈسٹریل ایریاز سمیت دیگر مقامات میں گردوغبار پھیلانے کا باعث بن رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرد و غبار اڑنے کی وجہ سے صنعتکاروں، روڈ پر پیدل چلنے والوں، موٹرسائیکل سواروں اور سڑک کے ارد گرد رہنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ گردوغبار کی آلودگی ان کی صحت کیلئے بہت نقصان دہ ہے ۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ اسلام آباد ڈرائی پورٹ مین ڈبل روڈ پر ہر روز بڑی تعداد میں بڑی گاڑیاں اور ٹریلے چلتے ہیں جو ڈرائی پورٹ پر مال اتارتے اور اٹھاتے ہیں لیکن روڈ کی ناقص مرمت کی وجہ سے علاقے میں ہر وقت گرد وغبار کے بادل چھائے رہتے ہیں جو صنعتکاروں، سڑک استعمال کرنے والوں اور علاقے کے رہائشیوں کی صحت کیلئے بہت مضر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اس خطرباک صورت حال کا فوری نوٹس لے اور اسلام آباد ڈرائی پورٹ مین ڈبل روڈ کی جلد از جلد مناسب کارپٹنگ کرے تا کہ عوام کو آلودہ ماحول کے نقصانات سے بچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :