کالا باغ ڈیم کا مسئلہ چیرمین واپڈا کے مینڈیٹ سے بہت بڑا ہے۔سید خورشید شاہ

تین صوبائی اسمبلیاں کالا باغ ڈیم کے خلاف قراردادیں پاس کرچکی ہیں،چیرمین واپڈا سرکاری ملازم ہیں،انہیں متنازعہ ایشوز پر بیانات نہیں دینے سے گریز کرنا چاہیے،حکومت کالا باغ ڈیم کے تنازع میں الجھنے سے باز رہے۔اپوزیشن لیڈر کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 1 جولائی 2016 16:03

کالا باغ ڈیم کا مسئلہ چیرمین واپڈا کے مینڈیٹ سے بہت بڑا ہے۔سید خورشید ..

اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جولائی 2016ء) :قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم کا مسئلہ چیرمین واپڈا کے مینڈیٹ سے بہت بڑا ہے،تین صوبائی اسمبلیاں کالا باغ ڈیم کے خلاف قراردادیں پاس کرچکی ہیں،چیرمین واپڈا سرکاری ملازم ہیں،انہیں متنازعہ ایشوز پر بیانات نہیں دینے سے گریز کرنا چاہیے۔انہوں نے چیرمین واپڈا کے کالاباغ ڈیم سے متعلق بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کالا باغ ڈیم کے معاملے کو وفاق اور اس کی اکائیوں کے مفاد کی روشنی میں دیکھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھاشا اور دیگر چھوٹے ڈیموں کی تعمیر سے بجلی کی قلت کا مسئلہ حل ہوسکتاہے۔حکومت کو ان ڈیموں کی تعمیر و تکمیل پر توجہ دینی چاہیے۔حکومت کالا باغ ڈیم کے تنازع میں الجھنے سے باز رہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ چیرمین واپڈا اکائیوں کی اہمیت سمجھیں پھر اپنی تکنیکی مہارتوں کا اظہار کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت چیرمین واپڈا کو اس مسئلے میں استعمال کرکے نئے چیلنج پیدا نہ کرے۔چیرمین واپڈا کے بیانات فیڈریشن کی روح کی خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ پرعوامی احتجاج سے توجہ ہٹانے کیلیے کالاباغ ڈیم کے ایشو کو زندہ کیاجارہاہے۔