سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے این او سی موصول ہوتے ہی حج فلائٹ شیڈول جاری کر دیا جائے گا،وزارت مذہبی امور

جمعہ 1 جولائی 2016 15:13

اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جولائی۔2016ء) وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ 50فیصد پاکستانی حاجیوں کو براہ راست مدینہ منورہ پہنچانے کے لئے سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے جونہی این او سی موصول ہوا حج فلائٹ شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔ جمعہ کو وزارت مذہبی امور کے ترجمان نور زمان نے ”اے پی پی“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال سرکاری سکیم کے 50فیصد عازمین حج کو براہ راست مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا اس سلسلے میں سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی (گاکا) نے ابھی تک این او سی جاری نہیں کیا جونہی این او سی جاری ہوتا ہے وزارت مذہبی امور سرکاری سکیم کا حج فلائٹ شیڈول جاری کر دے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزارت مذہبی امور کا آئی ٹی سے متعلقہ عملہ عید کی چھٹیوں میں بھی وزارت میں موجود رہے گا کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ جلد سے جلد فلائٹ شیڈول کو حتمی شکل دے کرجاری کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ حجاز مقدس میں پاکستانی عازمین حج کے لئے رہائشی عمارتوں کے حصول کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ پاکستان میں حج تربیتی پروگرام جاری ہے، عید کے بعد اس پروگرام کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا تا کہ پاکستانی عازمین حج کو فریضہ حج کی ادائیگی کے سلسلہ میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ واضح رہے کہ رواں سال سرکاری اور پرائیویٹ سکیموں کے تحت ایک لاکھ 43ہزار 368پاکستان فریضہ حج ادا کریں گے جن میں سے نصف سرکاری اور نصف پرائیویٹ سکیم کے تحت حجاز مقدس جائیں گے۔