خیبرپختونخوا افغانستان کا نہیں پاکستان کا حصہ ہے،اے این پی رہنما ملک مصطفیٰ خان

جمعہ 1 جولائی 2016 14:54

اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جولائی۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ملک مصطفیٰ خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا افغانوں کا نہیں پاکستان کا حصہ ہے۔ محمود خان اچکزئی نے حقائق سے ہٹ کر بیان دیا۔ افغان مہاجرین کو باعزت طور پر افغانستان بھیجا جائے۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ” اے پی پی“ سے محمود اچکزئی کے بیان پر خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں زیادہ تعداد پختونوں کی ہے لیکن اس بات کا یہ مقصد ہرگز نہیں کہ وہ صوبہ کو کسی اور ملک کے ساتھ جوڑنے کا ارادہ رکھتے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پاکستان کا چوتھا صوبہ ہے، پختون محب وطن ہیں اپنے ملک کے خلاف کسی قسم کی بات کو برداشت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی سینئر سیاستدان ہیں انہیں اس طرح کے بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین سابق صدر ضیاء الحق کی افغان پالیسی کے نتیجے میں یہاں آئے انہیں باعزت طورپر اپنے وطن افغانستان بھیجا جائے تا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوسکے۔