سوئٹزرلینڈ میں‌تیراکی کی کلاسز نہ لینے پر دو مسلمان لڑکیوں کی شہریت کی درخواست مسترد

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 1 جولائی 2016 14:34

جنیوا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم جولائی 2016ء): سوئٹزرلینڈ حکام نے دو مسلمان لڑکیوں کو شہریت دینے سے انکار کر دیا۔ امریکی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق سوئٹزر لینڈ میں رہائش پذیر 12 اور 14 سالہ دو نوجوان لڑکیوں کی شہریت کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق دونوں لڑکیوں نے لازمی سوئمنگ کلاس لینے سے انکار کردیا تھا کہ ان کا عقیدہ انہیں مردوں کے ساتھ تیراکی کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔

(جاری ہے)

مقامی حکام نے بتایا کہ باسل کی رہائشی لڑکیوں نے کچھ ماہ قبل سوئس شہریت کے لیے درخواست دائر کی تھی، تاہم اسے اسکول کے نصاب پر عمل نہ کرنے کے سبب مسترد کر دیا گیا ہے ۔ امریکی اخبار کے مطابق شہریت کا فیصلہ کرنے والی کمیٹی کے صدر اسٹیفن وہیلر نے کہا کہ جو اُمیدوار بھی شرائط پر پورا نہ اترنے کے ساتھ ساتھ قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے، وہ شہریت کا اہل نہیں۔خیال رہے کہ سوئس حکام اُن لوگوں کو شہریت دینے سے انکار کردیتے ہیں جو سوئس کلچر کے کسی بھی پہلو کو اپنانے یا ماننے سے انکار کرتے ہیں۔