کامیاب بجٹ پر قوم مبارک باد کی مستحق،زرمبادلہ کے ذخائر 23 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے، اسحاق ڈار

جمعہ 1 جولائی 2016 14:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تئیس ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے، پاکستان کی معیشت درست سمت میں جا رہی ہے، عالمی اداروں نے بھی پاکستان کے مثبت معاشی اعشاریوں کی تعریف کی ، ایف بی آر نے تین ہزار ایک سو چار ارب روپے ٹیکس وصولیوں کا تاریخی ہدف حاصل کرلیا ، کامیاب بجٹ پر قوم مبارک باد کی مستحق ہے۔

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر نے تین ہزار ایک سو چار ارب روپے ٹیکس محصولات کا ہدف حاصل کرلیا ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں جا رہی ہے، جبکہ عالمی اداروں نے بھی پاکستان کے مثبت معاشی اعشاریوں کی تعریف کی ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر تئیس ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔

جن میں سے اسٹیٹ بینک کے پاس اٹھارہ ارب سے زائد جبکہ نجی بینکوں کے پاس چار اعشاریہ نو ارب ڈالر موجود ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف، ایف بی آر اور قوم کو کامیاب بجٹ پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔گزشتہ تین برسوں میں صوبوں کا ترقیاتی بجٹ 1900ارب تک پہنچ گیا ، ٹیکس محصولات کے ہدف اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔