جنوب ایشیائی خطے کو بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے‘امریکا پاکستان کے ساتھ مل کرمسائل حل کرنا چاہتا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 1 جولائی 2016 12:12

جنوب ایشیائی خطے کو بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے‘امریکا پاکستان کے ساتھ ..

واشنگٹن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم جولائی۔2016ء) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ جنوب ایشیائی خطے کو بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے۔ امریکا پاکستان کے ساتھ مل کرمسائل حل کرنا چاہتا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ خطے کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، ہم پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھتے ہوئے ان مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ امریکا خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے مدرسہ دارالعلوم حقانیہ کو 30لاکھ ڈالر فنڈز دینے سے متعلق پریس رپورٹس سے آگاہ ہے۔ تاہم اگر فنڈنگ سے متعلق کسی کے تحفظات ہیں تو حکومت پاکستان سے رجوع کیا جائے۔امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔ ترجمان امریکی دفتر خارجہ نے سرتاج عزیز کے اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا جبکہ جان کربی نے بتایا کہ امریکا نے القاعدہ کی بھارتی شاخ کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرلیا ہے۔