مقبوضہ کشمیرمیں سرکاری ملازمین کے کٹھ پتلی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے

جمعہ 1 جولائی 2016 12:09

سرینگر ۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں سرکاری ملازمین نے کٹھ پتلی انتظامیہ کی پالیسیوں کے خلاف پریس کالونی سرینگر میں زبردست احتجاجی مظاہرے کیے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محکمہ صحت و خاندانی بہبود کی خواتین ملازمین اور آنگن واڑی ورکروں نے تنخواہوں کی واگزاری ، نوکریوں کی مستقلی اور دیگر مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرے کیے ۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت و خاندانی بہبود کی ملازمین کے مطابق انہیں دس ماہ سے تنخواہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر عید سے قبل ان کی تنخواہ واگزار نہیں کی گئیں تو وہ کام چھوڑ ہڑتال پر مجبور ہونگی۔محکمہ آنگن واری کی ورکروں اور ہیلپروں نے بھی پریس کالونی میں جمع ہواحتجاجی مظاہرہ کیا اور اپنے مطالبات کے حق میں زبردست نعرے لگائے ۔ انہوں نے ریذیڈنسی روڈ پر نکل کر لالچوک کی طرف پیش قدمی کی کوشش کی تاہم بھارتی پولیس نے انہیں ایسا نہیں کرنے دیا اور کئی احتجاجی خواتین کو کو گاڑیوں میں بھر کر کوٹھی باغ تھانے میں پہنچایا۔