وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لئے ’’ڈیلر وہیکلز رجسٹریشن سسٹم‘‘ (ڈی وی آرایس)متعارف کرایاجارہا ہے ، آغاز ملتان،لاہور اور فیصل آباد سے کیا جائے گا،سلمان صوفی

جمعرات 30 جون 2016 23:03

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جون ۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبہ پنجاب میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لئے ’’ڈیلر وہیکلز رجسٹریشن سسٹم‘‘ (ڈی وی آرایس)متعارف کرایاجارہا ہے جس کا آغاز ملتان،لاہور اور فیصل آباد سے کیا جائے گا۔نئے سسٹم کے تحت کاروں اور موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن محکمہ ایکسائز کی بجائے متعلقہ ڈیلر کرے گا اور اپنی نمبر پلیٹ جاری کرے گا۔

نئے سسٹم کے نفاذ سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا اور موٹر کارڈیلرز کے کاروبار کو ترقی ملے گی۔یہ بات وزیر اعلیٰ پنجاب کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سینئر ممبر سلمان صوفی نے ملتان میں موٹر کار اور موٹر سائیکل ڈیلرز سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایکسائز ملتان افتخار بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بیس سے زائد موٹر کار اور موٹرسائیکل ڈیلرز نے شرکت کی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کو گاڑیوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے عوام کی مشکلات کا ادارک تھا۔اس لئے ڈیلرز وہیکل رجسٹریشن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جس کے مطابق شہری جس ڈیلر سے گاڑی لے گاوہیں پر اس کی کاریا موٹرسائیکل کی رجسٹریشن بھی کی جائے گی اور اسے گاڑی کا نمبر الاٹ کیا جائے گا ۔اس کے علاوہ گاڑی کی نمبر پلیٹ بھی متعلقہ ڈیلر جاری کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس نئے نظام سے نہ صرف شہریوں کو گاڑی رجسٹریشن کے لمبے جھنجھٹ سے آزادی مل جائے گی بلکہ کرپٹ اور ٹاؤٹ مافیا کا خاتمہ ممکن ہوسکے گا۔سینئر ممبر سپیشل مانیٹرنگ یونٹ سلمان صوفی نے بتایا کہ صوبہ پنجاب کو دہشت گردی اور جرائم سے پاک کرنے کے لئے ’’اپلائیڈ فار‘‘ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرکے سماج دشمن عناصر کو گرفت میں لایا جا سکے گا۔

انہوں نے بتایا کہ موٹر وہیکلز آرڈی ننس کے تحت کوئی بھی غیر رجسٹرڈ گاڑی سڑک پر نہیں لائی جا سکتی۔بصورت دیگر نہ صرف گاڑی کو تحویل میں لے لیا جائے بلکہ جرمانہ اور سزا بھی کی جائے گی۔سلمان صوفی نے بتایا کہ اپلائیڈ فار گاڑیاں سکیورٹی رسک ہیں کیونکہ ایسی گاڑیوں کے ذریعے واردات کرنے والوں کو ٹریس کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔اسی طرح جعلی نمبر پلیٹ استعمال کرنے والے گاڑی مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

بعد ازاں وزیر اعلی پنجاب کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سینئر ممبر سلمان صو فی سے سرکٹ ہاؤس ملتان میں آر پی او ملتان سلطان اعظم تیموری نے بھی ملاقات کی جس میں داد رسی سنٹر برائے خواتین میں پولیس آفیسرز کی تعیناتی بارے گفتگو کرتے ہوئے سینئر ممبر سلمان صو فی نے بتایا کہداد رسی سنٹر برائے خواتین میں خواتین پولیس افسرکی تعیناتی کا طریقہ کار وضع کر دیا گیا ہے ۔

اعلی کارکردگی دکھا نے والی دیانت دار خواتین پولیس آفیسرز کو ان سنٹر میں تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ داد رسی سنٹر برائے خواتین کی انچارج خاتون ایس پی ہونگی جو ڈی آئی جی جینڈر وائلنس کو رپورٹ کرینگی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر تشدد کسی بھی معاشرے میں پسند نہیں کیا جاتا ۔اس کے سد باب کیلئے خواتین پولیس سٹاف ہی مظلوم خواتین کو ریلیف فراہم کرینگی۔

انہوں نے کہا کہ ان تشدد کے واقعات کا مکمل ریکارڈ رکھا جائیگا اور ذمہ دارون کو کیفر کردار تک ضرور پہنچایا جائیگا تاکہ ہماری خواتین کو تحفظ مل سکے اور وہ خوش و خرم زندگی گزار سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس سنٹر بارے تمام ریکارڈ محفوظ ہو گا۔انہوں نے داد رسی سنٹر برائے خواتین کی تعمیر کردہ عمارت کا دورہ بھی کیا اور انتظامیہ کو جلد کام مکمل کر نے کی ہدایت کی اور کہا کہ یہ داد رسی سنٹر نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیاء کا واحد داد رسی سنٹر ہو گا جس میں مظلوم خواتین کو ایک چھت تلے تمام قسم کی سہولیات میسر ہونگی۔

وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف جلد از جلد اسے فعال دیکھنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی۔ اس جدید سنٹر کے قیام سے خواتین پر تشدد روکنے میں بھر پور مدد ملے گی۔علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سینئر ممبر سلمان صو فی نے ماڈل قبرستان کی جگہ کا دورہ کیا انہوں نے کہا کہ اس ماڈل قبرستان میں سرد خانہ، وضو خانہ، جنازہ گاہ،میت کے نہلانے،دفنانے اورکفن کی فراہمی سمیت تمام سہولیات میسر ہونگی۔