ملتان میٹرو بس پراجیکٹ کے تحت زیر تعمیر بس ڈپو کے لئے حاصل کی گئی زمین کے لئے ایوارڈ کا اعلان کردیا گیا

جمعرات 30 جون 2016 22:46

ملتان( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جون ۔2016ء) ملتان میٹرو بس پراجیکٹ کے تحت زیر تعمیر بس ڈپو کے لئے حاصل کی گئی زمین کے لئے ایوارڈ کا اعلان کردیا گیاہے۔97متاثرین کو 21کروڑ 34لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے۔متاثرین کی فائلوں کی ویری فکیشن شروع کردی گئی ہے۔یہ بات ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے الطاف حسین ساریو نے بس ڈپو کے ایوارڈکے اعلان کے موقع پر تفصیل بتاتے ہوئے کہی۔

لینڈ ایکوزیشن کلکٹر چوہدری غلام مصطفی گجر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ایڈیشنل ڈی جی ایم ڈی اے نے بتایا کہ بس ڈپو کمپلیکس کے لئے بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کے قریب موضع صالح مہے میں160کنال 14مرلے13گززمین حاصل کی گئی ہے جہاں پر ترقیاتی کام جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ متاثرین کو زمین کی قیمت کے علاوہ 15فیصد اضافی بطور ضروری ایکوزیشن چارجز ادا کئے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ متاثرین کو فصلات کی مد میں 2لاکھ6ہزار،تعمیرات اورملبے کی قیمت کے طور پر 40لاکھ49ہزار،پھل دار درختوں کی قیمت کی مد میں 4لاکھ 87ہزار اور ٹیوب ویل کی قیمت کے طور پر1لاکھ 84ہزار روپے ادا کئے جارہے ہیں ۔الطاف حسین ساریو نے بتایا کہ97متاثرین میں 95مالکان جبکہ 2مزارع شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تعمیرات،فصلوں،درختوں اور ٹیوب ویل کی قیمت کا انتہائی شفاف انداز میں معاوضہ دینے کے لئے محکمہ بلڈنگز ،زراعت اور پی ایچ اے کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریکارڈ کی ویری فکیشن کے لئے اسے محکمہ ریونیو کو ارسال کردیا گیا ہے۔ویری فکیشن کے فوری بعد ادائیگی کا عمل شروع کردیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کے متاثرین کو ادائیگی کا عمل انتہائی شفاف بنایا گیا ہے اور متاثرین کو ان کی دہلیز پر ادائیگی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ متاثرین ووچر کے حصول کے لئے ایم ڈی اے آفس میں لینڈ ایکوزیشن کلکٹر سے رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :