ایس ایس پی آپریشنز کی جانب سے اشتہاریوں کیخلاف مہم میں اعلی کا ر کردگی کا مظاہرہ کر نے والے آفسران کیلئے انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان

جمعرات 30 جون 2016 22:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جون ۔2016ء) ایس ایس پی آپریشنز ساجد کیانی نے اشتہاری مجرمان کے خلاف جاری مہم میں اعلی کا ر کردگی کا مظاہرہ کر نے والے3 تھانوں کے ایس ایچ اوز سمیت 12 افسروں کی کار کردگی کو سراہتے ہوئے انہیں انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ ناقص کار کردگی پر 2تھانوں کے ایس ایچ او ز کو سزائیں دینے کے احکامات جاری کئے ہیں، ایس ایس پی نے اشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈاون مزید تنگ کرنے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے ، جمعرات کو ایس ایس پی آپریشنز ساجد کیانی کی زیر صدارت ریسکیوون فائیو کے دفتر میں اجلاس ہوا، اجلاس میں تمام زو نز کے ایس پیز ، ایس ڈی پی اوز اور تھانوں کے ایس ایچ اوزنے شرکت کی ، اس موقع پر تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز نے اشتہاری مجرمان کی گرفتاریوں سے متعلق رپورٹس پیش کیں،ایس ایس پی نے اشتہاریوں کی گرفتاریوں میں اعلیٰ کار کردگی دکھانے والے 12 افسروں کو شاباش دی ااور انہیں انعام اور تعریفی اسناد دینے کی سفارش کی ، ان افسروں میں تھانہ مارگلہ کے ایس ایچ او اسجد محمود، تھانہ کراچی کمپنی کے ایس ایچ اومبارک علی اور تھانہ شہزاد ٹاون کے ایس ایچ او حاکم نیازی بھی شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ تھانہ مارگلہ کے ایس ایچ او نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ان کو تعریفی اسناد کے لئے آئی جی کو بھی سفارش کروں گا، ایس ایس پی نے تھانہ بنی گالہ اور تھانہ سہالہ کے ایس ایچ اوز کی کار کردگی کو ناقص قرار دیتے ہوئے ان کی سزا کے احکامات جاری کئے ہیں، ایس ایس پی نے تمام افسروں کو ایک بار پھر اشتہاری مجرمان کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ان کی فوری گرفتاریوں کی ہدایت کی اور کہا کہ شہر میں پٹرولنگ کو بڑھایاجائے تاکہ جرائم پیشہ افراد کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکے، انہوں نے کہا کہ جو افسران انتہائی ذمہ داری سے فرائض سر انجام دینگے ان کو انعامات دیئے جائیں گے ،ناقص کار کردگی کرنے والوں کو سزائیں دی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :