پیپلز پارٹی شہادتوں کی امین اور شہیدوں کی وارث پارٹی ہے ‘جس میں عام کارکن سے لے کر اعلیٰ قیادت تک نے جام شہادت نوش کیا

پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی میر منور تالپور، اعجاز حسین جکھرانی اور نواب علی وسان

جمعرات 30 جون 2016 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جون ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی میر منور تالپور، اعجاز حسین جکھرانی اور نواب علی وسان نے دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم مولانا سمیع الحق کے اس بیان پر جس میں انہوں نے سابق صدر اور پی پی پی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری کے خلاف دھمکی آمیز لب ولہجہ اختیار کیا پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہادتوں کی امین اور شہیدوں کی وارث پارٹی ہے جس میں عام کارکن سے لے کر اعلیٰ قیادت تک نے جام شہادت نوش کیا، لیکن کسی آمر اور کسی دہشت گرد کے سامنے اپنا سر نہ جھکایا۔

پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جو گرجتے ہیں وہ برستے نہیں ہیں۔ گزشتہ سات سال سے پاکستان پیپلز پارٹی کا میڈیا ٹرائل ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

2013 کے الیکشن میں مولانا سمیع الحق کی آشرباد میں پلنے والے عناصر نے پاکستان پیپلز پارٹی کو الیکشن مہم سے روکے رکھا، محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کر دیا، پیپلز پارٹی کے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی گیلانی کو اغوا کیا اور سابق وفاقی وزیر شہباز بھٹی کو قتل کیا لیکن پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والے پاکستان کو لہولہان کررہے ہیں لیکن نہ تو پاکستان پیپلز پارٹی ختم ہوسکی نہ پاکستان کو کچھ ہوگا۔

انہوں نے مولانا سمیع الحق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تعلیم کے خلاف نہیں ہے صرف انتہا پسندانہ سوچ اور دہشت گردی کے خلاف اصولی موقف رکھنے والی جماعت ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا یہی اصولی موقف ہے کہ خیبر پختونخواہ حکومت کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی جنگ کو کمزور نہ کرے اور مدرسوں کے بجائے اسکولوں پر توجہ ہے۔