الخدمت کراچی کے تحت سینٹرل جیل کراچی میں قیدیوں کے لئے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا

جمعرات 30 جون 2016 22:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جون ۔2016ء) الخدمت کراچی کے تحت سینٹرل جیل کراچی میں قیدیوں کے لئے افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا ،اس موقع پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات اشرف نظامانی ، الخدمت کراچی ضلع شرقی کے صدر یونس بارائی ،جیل سپریڈنڈنٹ قاضی نظیر شاہ ،الخدمت کمیونٹی سروسسز کے انچارج سید قاضی صدرالدین ،سینئر منیجر منظر عالم ،پروگرام کنٹرولر عنایت اللہ اسماعیل ادیب ، و دیگر افراد کے ساتھ بڑی تعداد میں قیدی بھی موجود تھے ، تقریب کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے یونس بارائی نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ اللہ سے قربت کا مہینہ ہے اس ماہ مبارک میں اللہ کی بیشمار نعمتوں کا نزول جاری رہتا ہے اس ماہ مبارک کی فضیلت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور رمضان المبارک کے بعد بھی ہم اللہ اور اس کے رسول سے اسی طرح رشتہ مضبوط رکھیں جیساکہ ہم رمضان المبارک میں خصوصی اہتمام کرتے ہیں ،انھوں نے کہا کہ انسان خطاء کا پتلا ہے اگر ہم سے غلطی ہوئی ہے تو ہمیں اللہ سے سچے دل سے معافی مانگنی چاہئے کیونکہ اللہ بڑا مہربان ہے وہ خطاوں کو بخشنے والا ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمیونٹی سروسسز کے انچارج سید قاضی صدرالدین نے کہا کہ الخدمت پورے پاکستان میں اصلاحی و تربیتی پروگرامات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور جیلوں میں ہمارا کام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ،الخدمت کے تحت پاکستان کی مختلف جیلوں میں کمپیوٹر و وکیشنل سینٹر احسن طریقے سے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں انھوں نے ڈی آئی جی جیل خانہ جات اشرف نظامانی اور جیل انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اس ضمن میں جیل انتظامیہ کا الخدمت کے ساتھ تعاون کوسراہا ،اس موقع پر مستحق قیدیوں میں عید گفٹ بھی تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :