صوبائی حکومت کے خلاف اندرونی و بیرونی سازشوں کا آغاز ہوچکا ،میرعبدالکریم نوشیروانی

نو اب ثناء اللہ زہری صوبے کے عوام کیلئے امید کی آخری کرن اور ایک مخلص اور دیانتدار وزیراعلیٰ ہیں ،جب سے انہوں نے اقتدار سنبھالا ہے بیرونی طاقتوں نے ان کی حکومت کے خلاف اندرونی و بیرونی سازشیں شروع کردیں،کوئٹہ میں میڈیاسے گفتگو

جمعرات 30 جون 2016 21:48

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جون ۔2016ء) مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے جنرل سیکریٹری اور رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی حکومت کے خلاف اندرونی و بیرونی سازشوں کا آغاز ہوچکا ہے نو اب ثناء اللہ زہری صوبے کے عوام کیلئے امید کی آخری کرن اور ایک مخلص اور دیانتدار وزیراعلیٰ ہیں جب سے انہوں نے اقتدار سنبھالا ہے بیرونی طاقتوں نے ان کی حکومت کے خلاف اندرونی و بیرونی سازشیں شروع کردیں۔

ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ملک اور صوبے کو دشمن کی نظر بد سے بچائیں اور اللہ تعالیٰ نواب ثناء اللہ کو اتنی طاقت دے کہ وہ صوبے اور عوام کی خدمت کرسکے اور ان کی حکومت کے خلاف ہونے والی سازشیں ناکامی سے دو چار ہوں ۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ میں کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض ،آئی جی ایف سی میجر جنرل شیرافگن ، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی ، چیف سیکریٹری سیف اللہ چٹھہ ،اور سیکورٹی فورسز کے دیگر اداروں کے سربراہان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو اس مشکل وقت میں نہ صرف وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری بلکہ ان کی مخلوط حکومت کو کندھا دے رہے ہیں اور صوبے میں قیام امن اور ترقی کے لیے موجودہ حکومت کی بھر پورطریقے سے سپورٹ کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ سازشیں آج کی نہیں جب سے پاکستان بنا ہے اس وقت سے لیکر آج تک پاکستان خصوصاً بلوچستان میں دشمن سازشوں میں لگے ہوئے ہیں اور انہوں نے یہاں کے عوام کو کبھی بھی معاف نہیں کیا اور یہ عوام اور یہاں کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملکر ان سازشوں کو ناکام بنائیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری کے لیے ایک شعر ان کی نظر کرتا ہوں ، تندی اے باد مخالف سے نہ گھبرا اے عقاب،یہ توچلتی ہے تجھے اونچا اڑانے کے لیے،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری صوبے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور انہیں اچھی طرح اس بات کا علم ہے کہ صوبے میں امن ہوگاتوترقی ممکن ہوگی ترقی اور امن کا یہی وژن لیکر وہ آگے بڑھ رہے ہیں میں رمضان المبارک کے مہینے میں ان کے لیے دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ ان کو اتنی طاقت دے کہ وہ عوام کی خدمت کریں اور صوبے سے بیروزگاری دہشت گردی ، بھوک و افلاس کا خاتمہ کریں جنہوں نے اس صوبے میں جنم لے رکھا ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں بجلی کا نام و نشان نہیں جس کی وجہ سے زمیندار طبقے کا اربوں کا نقصان ہورہاہے صوبے کے شمالی علاقوں کے باغات اور جنوبی علاقوں کی گندم تباہ ہوکر رہ گئے ہیں میں امید کرتا ہوں کہ دیگر مسائل کے علاوہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اس طرف توجہ دینگے اور زمینداروں کے لیے عید کے بعد زرعی پیکج کا اعلان کرینگے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ میرا بحیثیت ورکر وزیراعلیٰ سے مشورہ ہے کہ وہ کوئٹہ میں قیام امن کے لیے عید کے موقع پر سیکورٹی کے ایسے فل پروف انتظامات کے احکامات جاری کریں جس سے عوام خوشی کے اس موقع پر بلا کسی خوف و خطراپنی خوشیاں منا سکیں اوربد امنی پھیلانے والوں کے عزائم ناکامی سے دو چار ہوں۔

متعلقہ عنوان :