دین سے قربت انفرادی اور اجتماعی سوچ میں مثبت تبدیلی لاتی ہے ، ہمیں روزمرہ زندگی میں درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے قرآن پاک سے دوستی اور دین محمدی کے ساتھ خصوصی تعلق جوڑنے کی ضرورت ہے،پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی

جمعرات 30 جون 2016 21:47

اسلام آباد ۔ 30 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جون ۔2016ء) دین سے قربت انفرادی اور اجتماعی سوچ میں مثبت تبدیلی لاتی ہے اور معاشرہ سے تمام برائیوں کا خاتمہ کرتی ہے ہمیں روزمرہ زندگی میں درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے قرآن پاک سے دوستی اور دین محمدی کے ساتھ خصوصی تعلق جوڑنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے ماہ رمضان کے حوالہ سے منعقدہ محفل حسن قرآت تقریب سے خطاب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی پس منظر میں سیرت سیمینارز نعتیہ حسن قرأت کے مقابلے وہ علمی سرگرمیاں ہیں جن کی ہمارے تعلیمی اداروں میں ازسرنو نمود کی ضرورت ہے تاکہ ملک بھر میں نئی نسل میں دینی شعور بیدار ہو سکے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی اپنے مختلف سطح کے تعلیمی پروگرامز اور سماجی ثقافتی اور مذہبی سرگرمیوں کے ذریعے نئی نسل میں دینی شعور بیدار کرنے کی بھر پور کوشش کرے گی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ یونیورسٹی حسن قرأت و نعت کے قومی سطح پر مقابلے منعقد کرے گی جس میں ملک کے معروف قاریوں کو تین خصوصی نقد انعامات دئیے جائیں گے جس میں 2 انعامات نو جوان قاریوں اور خافظ قرآن کیلئے مختص ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ہر سال سیرت کانفرنسسز بھی منعقد کرے گی اور سیرت النبی پر ریسرچ جنرل بھی شائع کرے گی۔

محفل حسن قرأت تقریب کا اہتمام ایمپلائز ویلفئیر ایسوسی ایشن اور عبدالودود سینٹر برائے قرآنک سائنسز نے کیا تھا۔ تقریب میں معروف نعت خواں قاری بزگ شاہ الاظہری نے بھی شرکت کی تھی۔ ماہ رمضان میں حسن قرآت و نعت کی یہ دوسری تقریب تھی جو اوپن یونیورسٹی نے منعقد کی ہے۔ تقریب سے قاری بزرگ شاہ الااظہری عبدالباسط مجاہد اور دیگر قاری حضرات نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :