انسداددہشتگردی ترمیمی ایکٹ اور تحفظ پاکستان ایکٹ میں دو سال کی توسیع کی جائیگی کلبھوشن یادیو کی ا یران میں موجود گی بار ے معلومات مل گئی ہیں،وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد افغان مہاجرین کے حوالے سے نیشنل پالیسی بنائی جائے گی ، نریندر مودی کی اپنی جماعت انتہا پسند ہندوؤں کے سائے تلے ہے ، پاک بھارت مذاکرات کو کسی اور سے نہیں انتہا پسند ہندو جماعتوں سے خطرہ ہے ، اپنے دور حکومت میں کرپشن کی انتہا کرنے والے پانامہ لیکس کے معاملے پر وہ لوگ شور مچا رہے ہیں ، بلاول بھٹو زرداری سے ان کے خاندان کی پاکستان اور بیرون ممالک اربوں روپے کی جائیدادوں کے حوالے سے کوئی سوال کیوں نہیں کرتا، آصف زرداری کی دبئی میں رہائش گاہ کا ریکارڈ پاکستان کے کسی ادارے کے پاس نہیں،آپریشن سے کراچی میں دہشت گردی ،بھتہ خوری ، ٹارگٹ کلنگ اور اغوابرائے تاوان کی وارداتوں میں نمایاں کمی ، سٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوا، اس کی روک تھام کے لئے پولیس کو مضبوط بنانا ہو گا ،سندھ میں پاک فوج کے حاضر سروس فوجی افسران کو پیشکش کی جائے گی، آپریشن آخری دہشت گرد اور جرائم کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی کی صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر غیر رسمی گفتگو

جمعرات 30 جون 2016 21:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جون ۔2016ء ) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسداددہشت گردی ترمیمی ایکٹ اور تحفظ پاکستان ایکٹ میں دو سال کی توسیع کر رہے ہیں، کراچی آپریشن سے دہشت گردی ،بھتہ خوری ، ٹارگٹ کلنگ اور اغوابرائے تاوان کی وارداتوں میں نمایاں کمی آئی مگر گزشتہ ڈیڑھ سال سے کراچی میں سٹریٹ کرائم میں بہت اضافہ ہوا،کراچی میں سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لئے پولیس کو مضبوط بنانا ہو گا ،سندھ میں پاک فوج سے ریٹائر افسران کی تعداد کم ہے اس لئے حاضر فوجی افسران کو پیشکش کی جائے گی کہ وہ ریٹائرمنٹ لیکر سندھ پولیس میں جائیں، آپریشن آخری دہشت گرد اور جرائم کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا،وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی کے بعد افغان مہاجرین کے حوالے سے نیشنل پالیسی بنائی جائے گی ، نریندر مودی کی اپنی جماعت انتہا پسند ہندوؤں کے سائے تلے ہے ، پاک بھارت مذاکرات کو کسی اور سے نہیں بلکہ ان انتہا پسند ہندوؤں جماعتوں سے خطرہ ہے ، پانامہ لیکس کے معاملے پر وہ لوگ شور مچا رہے ہیں جنہوں نے اپنے دور حکومت میں کرپشن کے علاوہ کوئی دوسرا کام نہیں کیا ، بلاول بھٹو زرداری سے ان کے خاندان کی پاکستان اور بیرون ممالک اربوں روپے کی جائیدادوں کے حوالے سے کوئی سوال کیوں نہیں کرتا، آصف علی زرداری دبئی میں جس رہائش گاہ میں رہ رہے ہیں اس کا ریکارڈ پاکستان کے کسی ادارے کے پاس نہیں ،ایران نے بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی آخری دفعہ ایران میں رہائش کے حوالے سے معلومات فراہم کردی ہیں ۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو یہاں صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی کے بعد افغان مہاجرین کے حوالے سے اہم اجلاس بلایا جائے گا جس میں تمام وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے ،اجلاس میں افغان مہاجرین کی پاکستان میں رہنے اور ان کی واپسی کے حوالے سے ایک قومی پالیسی بنائی جائے گی ،اجلاس میں طے کیا جائے گا کہ افغان مہاجرین کو کن قوانین اور ضابطہ اخلاق کے مطابق پاکستان میں رکھا جائے اور ملک بھر میں کن کن علاقوں میں ان کو رکھا جائے ۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ شناختی کارڈز کی ازسرنو تصدیق سے ہزاروں کی تعداد میں شناختی کارڈز بلاک ہونے کی امید ہے جن مہاجرین نے غیر قانونی طریقے سے پاکستانی شناختی کارڈز حاصل کئے ان کو ایمنسٹی اسکیم دی جائے گی ، جو مہاجرین رضاکارانہ طور پر شناختی کارڈ واپس کردیں گے ان کو مہاجرین کا درجہ دے دیا جائے گا جو مہاجرین شناختی کارڈ واپس نہیں کریں گے ،تصدیق کے عمل کے بعد ان کو عالمی قوانین کے تحت ڈیپورٹ کر دیا جائے گا۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ کراچی آپریشن کا کپتان وزیراعلیٰ سندھ کے علاوہ کوئی اور ہو نہیں سکتا اور نہ ہی قانون اور آئین ہمیں اس کی اجازت دیتا ہے ، قانون کے مطابق وفاقی حکومت سندھ میں کوئی بھی تحقیقات کر سکتی ہے ، کراچی میں گزشتہ ڈیڑھ سال میں سٹریٹ کرائم میں بے تحاشا اضافہ ہوا ہے ، کراچی آپریشن دہشت گردی ،بھتہ خوری ، ٹارگٹ کلنگ اور اغوابرائے تاوان کی روک تھام کے لئے شروع کیا گیا تھا ، کراچی آپریشن سے ان چاروں جرائم میں نمایاں کمی ہوئی مگر گزشتہ ڈیڑھ سال سے کراچی میں سٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوا ، کراچی میں سڑیٹ کرائم کی روک تھام کے لئے پولیس کو مضبوط بنانا ہو گا جس کے لئے کراچی پولیس میں اضافی نفری بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور بھرتیوں کو شفاف بنانے کے لئے پاک فوج سے مدد لی گئی تاکہ جس طرح پاک فوج میں بھرتیاں شفاف طریقے سے کی جاتی ہیں اسی طرح سندھ پولیس میں بھی شفاف طریقے سے بھرتیاں کی جا سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں پاک فوج سے ریٹائر افسران کی تعداد بہت کم ہے اس لئے حاضر فوجی افسران کو پیشکش کی جائے گی کہ وہ ریٹائرمنٹ لیکر سندھ پولیس میں جائیں ۔وزیرداخلہ نے کہا کہ آپریشن آخری دہشت گرد اور جرائم کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا ، گزشتہ دنوں سول حکومت اور قانون نافذ کرنے والوں کا اجلاس کراچی میں ہوا اسی بنیاد کے اجلاس آئندہ ہر ماہ ہوا کریں گے ۔

وزیرداخلہ نے ایم کیو ایم کے رہنما عمران فاروق قتل کیس کے مرکزی ملزم خالد شمیم کے حوالے سے کہا کہ وزارت داخلہ تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حتمی رپورٹ آئندہ کچھ دنوں تک طے کر لے گی ۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ بیان کے حوالے سے وزیرداخلہ نے کہا کہ نریندر مودی کی اپنی جماعت انتہا پسند ہندوؤں کے سائے تلے ہے ، پاک بھارت مذاکرات کو کسی اور سے نہیں بلکہ ان انتہا پسند ہندوؤں جماعتوں سے خطرہ ہے ۔

وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے پانامہ لیکس کے حوالے سے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر وہ لوگ شور مچا رہے ہیں جنہوں نے اپنے دور حکومت میں کرپشن کے علاوہ کوئی دوسرا کام نہیں کیا ۔ بلاول بھٹو زرداری سے ان کے خاندان کی پاکستان اور بیرون ممالک اربوں روپے کی جائیدادوں کے حوالے سے کوئی سوال کرے ۔ آصف علی زرداری دبئی میں جس رہائش گاہ میں رہ رہے ہیں اس کا ریکارڈ پاکستان کے کسی ادارے کے پاس نہیں ۔پانامہ لیکس کی تحقیقات ہونی چاہیے ۔وزیرداخلہ نے کہا کہ بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادو کے حوالے سے ایران نے ان کی آخری دفعہ رہائش کے حوالے سے معلومات دے دی ہیں ۔وزیرداخلہ نے کہا کہ انسداددہشت گردی ترمیمی ایکٹ اور تحفظ پاکستان ایکٹ میں دو سال کی توسیع کر رہے ہیں