جمعتہ الوداع کے موقع پر مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پولیس کے 6ہزار جوان فرائض سر انجام دینگے ‘امین وینس

پولیس کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کے افراد کوبھی چوکنا رہتے ہوئے مساجد اور امام بارگاہوں میں آنے والے نمازیوں کو تلاشی کے بعد اندر آنے دینا چاہیے‘سی سی پی او لاہور کااراکین اسمبلی کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 30 جون 2016 21:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جون ۔2016ء ) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ جمعتہ الوداع کے موقع پر مساجد اور امام بارگاہوں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے لاہور پولیس کے 6ہزار سے زائد افسر اور جوان سیکورٹی فرائض سر انجام دیں گے اور اس ضمن میں اراکین اسمبلی کو اپنے حلقہ انتخاب میں آنے والی حساس دینی عبادت گاہوں کی سیکورٹی کے لیے منتظمین کو یہ باور کروانا چاہیے کہ موجودہ صورتحال میں ذرا سی غفلت بڑے نقصان کا سبب بن سکتی ہے ،لہذا پولیس کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کے افراد کوبھی چوکنا رہتے ہوئے مساجد اور امام بارگاہوں میں آنے والے نمازیوں کو تلاشی کے بعد اندر آنے دینا چاہیے،نیشنل ایکشن پروگرام پر عمل درآمد کے لیے تمام دستیاب وسائل برؤے کار لائے جا رہے ہیں اور اب تک ناجائز اسلحہ ، شر انگیز تقاریر اور وال چاکنگ کے علاوہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ اور قانون کرایہ داری کی خلاف ورزی، مذہبی منافرت پر مبنی مواد کی اشاعت اور تقسیم کے جرم میں 3ہزار سے ز ائد ملزموں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے،کمیونٹی کو ساتھ ملائے بغیر یعنی عوامی تعاون کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن نہیں لہذا اس جنگ کو جیتنے کے لیے پولیس اور شہریوں کو مل کر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سینہ سپر ہونا ہو گا،رمضان کے آخری عشرے میں رمضان بازارو اور دیگر کاروباری مراکز کی سیکورٹی کو مزید بہتر کرنے کے لیے سفید کپڑوں میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جا رہا ہے تا کہ وہ شر پسند عناصر کی سر گرمیوں پر باآسانی نظر رکھ کر سماج دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنا سکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں لاہور کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان چوہدری،ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا،سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ کے علاوہ رکن قومی اسمبلی پرویز احمد ملک اور مہر اشتیاق اراکین صوبائی اسمبلی خواجہ عمران نذیر، غزالی سلیم بٹ، چوہدری شہباز، سیف کھوکھر، میاں مرغوب احمد، رانا تجمل، خواتین اراکین اسمبلی سلمہ شاہین، رخسانہ کوکب اور فرزانہ بٹ نے بھی شرکت کی۔

سی سی پی او نے کہا کہ اراکین قومی و صوبائل اسمبلی کواپنے حلقوں میں آنے والے رمضان بازاروں اور دیگر کاروباری مراکز کی سیکورٹی کے حوالے سے نہ صرف پولیس کو تجاویز دینی چاہیے بلکہ پولیس سے ہر ممکن تعاون بھی کرنا چاہیے۔اُنہوں نے کہا کہ رمضان کے آخری عشرے میں رمضان بازاروں ،مارکیٹوں، شاپنگ پلازوں اور دیگر کاروباری مراکز کی سیکورٹی کو مزید بڑھایا جا رہا ہے اورپولیس پیٹرولنگ کے لیے خصوصی پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔

اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رمضان بازاروں ، مارکیٹوں اور شاپنگ پلازوں کی سیکورٹی کے لیے 800پولیس اہلکاروں کو سفید کپڑوں میں مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے تا کہ رمضان کے آخری عشرے میں شہر میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی ملک پرویز نے کہا کہ مارکیٹوں اور کاروباری مراکز میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو تجاوزات کے خلاف مشترکہ آپریشن کرنے چاہیے اور اس ضمن میں شمالی لاہو کو بلخصوص فوکس کیا جائے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ لاہور کے تمام رکن قومی و صوبائی اسمبلی لاہور پولیس کے ساتھ ہیں۔اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کے لیے بنائی جانے والے پالیسوں میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی تجاویز کو مد نظر رکھنے اور ان سے مشاورت پر سی سی پی او کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال و عزت کے تحفظ کے لیے تمام اراکین اسمبلی پولیس کی ہر کوشش میں ا ن کے ساتھ ہیں۔