جن لوگوں نے اپنے ادوار میں کرپشن کے سوا کچھ کام ہی نہیں کیا وہ کرپشن کرپشن کی باتیں کررہے ہیں، چودھری نثار

افغان مہاجرین کامسئلہ انتہائی سنجیدہ ہے،بھارتی وزیراعظم مودی کی پاکستان کے حوالے سے ہربات کو سنجیدہ نہیں لیناچاہیے وفاقی وزیرداخلہ کی صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر غیررسمی بات چیت

جمعرات 30 جون 2016 21:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جون ۔2016ء) وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے کہاہے کہ جن لوگوں نے اپنے ادوار میں کرپشن کے سوا کچھ کام ہی نہیں کیا وہ کرپشن کرپشن کی باتیں کررہے ہیں، کوئی بلاول بھٹو سے پوچھے کہ جو بے شمار پراپرٹی ان کے والد ،والدہ اوران کے اپنے نام ہے اس کا ٹیکس ریٹرن کیوں نہیں ہے،وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد افغان مہاجرین کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوگا جس میں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شرکت کرینگے، افغان مہاجرین کامسئلہ انتہائی سنجیدہ ہے،بھارتی وزیراعظم مودی کی پاکستان کے حوالے سے ہربات کو سنجیدہ نہیں لیناچاہیے۔

جمعرات کو پنجاب ہاؤس میں صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر غیررسمی بات چیت کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہاکہ کرپشن آپریشن کاکپتان وزیراعلیٰ سندھ کے علاوہ اور کوئی نہیں ہوسکتا وفاقی حکومت کو صوبوں میں مداخلت کااختیار نہیں وہ براہ راست کوئی انکوائری نہیں کرسکتی کراچی آپریشن کے حوالے سے وفاقی حکومت مکمل سپورٹ کررہی ہے کراچی میں عام جرائم میں گزشتہ ڈیڑھ سال میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے لیکن دہشتگردی ،بھتہ خوری ،ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں بہت زیادہ کمی واقع ہوئی ہے،کراچی میں جرائم کو روکنے کیلئے پولیس کی استعداد کار میں اضافہ ضروری ہے اس حوالے سے بیس ہزار پولیس اہلکاربھرتی کئے جارہے ہیں جن کی ریکروٹمنٹ میں آرمی تعاون کرے گی جبکہ دو ہزار سابق فوجیوں کو بھی پولیس میں بھرتی کیاجائیگا سندھ سے فوج میں لوگوں کی تعداد کم ہے اس لئے آپشن دیاجائے کہ وہ فوج سے ریٹائر ہوکر پولیس میں چلے جائیں سندھ پولیس کو جدید ترین گاڑیوں اوراسلحہ سے بھی لیس کیاجائیگا رینجر بھی وہاں رہے اور پولیس کاکردار بھی موثر رہے ۔

(جاری ہے)

کراچی کے حوالے سے ماہانہ اجلا س کی تجویز بھی زیرغور ہے انہوں نے کہاکہ اسلام آباد سیف سٹی منصوبہ کامیابی سے جاری ہے اوربہت سے کریمنلزپکڑے گئے ہیں کراچی کو سب سے زیادہ فائدہ سیف سٹی منصوبے سے ہوسکتا ہے عید کے بعد سیف سٹی ٹیم کراچی جائے گی انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں گاڑیوں کی چوریوں کی وارداتوں میں کمی آئی ہے لیکن گزشتہ چند روز سے گاڑیاں چوری ہورہی ہیں ہم نے اس کو روکنا ہے اوراس پر کام کررہے ہیں نیشنل وہیکل رجسٹریشن اتھارٹی کے حوالے سے تجویز پرکام جاری ہے صوبوں کی مشاورت سے اس کاقیام جلد عمل میں آئے گا جبکہ ہم نیشنل کرائم فگرزڈیٹا بھی قائم کررہے ہیں یہاں ملک بھر سے کرائم کاڈیٹا ایک ہی جگہ اکٹھا ہوگا اس حوالے سے پینتالیس کروڑ روپے مالیت کاسافٹ ویئرتیار کرنا پڑے گا اوراس کام میں نیکٹاکی معاونت بھی شامل ہو گی انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی تحفظ پاکستان ایکٹ میں توسیع کیلئے جماعتوں سے مشاورت جاری ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان نے مہاجرین کی صورت میں افغانستان کابڑا بوجھ اٹھایا ہوا ہے افغان مہاجرین مختلف قسم کے جرائم اور خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں وزیراعظم کی وطن واپسی پرایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوگا جس میں افغان مہاجرین کے مستقبل کافیصلہ کیاجائیگا اور افغان مہاجرین کے حوالے سے قومی پالیسی طے کی جائے گی اوراگر انہیں پاکستان میں رہنا ہے تو انہیں مہاجرین کے رولز کوفالو کرناہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جعلی شناختی کارڈوں کی تعداد لاکھوں میں نہیں بلکہ ہزاروں میں ہیں ہم نے دو ماہ کاوقت دیا ہے کہ وہ ازخود سرنڈر کردیں تو ان غیرملکیوں کو مہاجرین کے درجے میں شامل کردیاجائیگا جس کے بعد جعلی شناختی کارڈ رکھنے والے غیرملکیوں کو جیل یاڈی پورٹ کیاجائیگا اور میری تجویز یہ ہے کہ انہیں ڈی پورٹ کیاجائے کیونکہ پوری دنیا میں ڈی پورٹ ہی کیاجاتا ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بجٹ خوش اسلوبی سے منظور ہواہے کسی جگہ بھی ارکان کی کمی کامسئلہ نہیں آیا یہ درست ہے کہ بہت سے ایم این ایز کے مسائل ہیں وہ زیادہ توجہ چاہتے ہیں وزیراعظم کی وطن واپسی پر اس حوالے سے ایک اجلاس ہوگا۔

بلاول بھٹو کی طرف سے کرپشن کی تحقیقات سے متعلق سوال کے جواب میں وزیرداخلہ نے کہاکہ وہ لوگ کرپشن کے خلاف درس دے رہے ہیں جن کے خلاف کرپشن کے کیسز ہیں سرے محل کی ملکیت کااس وقت تک انکارکرتے رہے جب تک کیس برطانوی عدالت میں نہیں گیا مگر پھرمان لیا کہ سرے انہی کاہے میں حیران ہوں کہ بلاول بھٹو کیسی باتیں کررہے ہیں دبئی میں وہ جس گھر میں رہتے ہیں وہ کروڑوں کی ملکیت کاہے اوراس کاکوئی ریکارڈ نہیں ہے پانامہ لیکس پر شور کرنیوالے اپنے گریبان میں جھانکیں کوئی بلاول بھٹو سے یہ پوچھے کو جو بے شمار پراپرٹی ان کے نام ، ان کے والد اوروالدہ کے نام ہے اس کاٹیکس ریٹرن کیوں نہیں ہے؟ دیکھناچاہیے کہ کرپشن کرپشن کرنیوالے کون ہیں جن لوگوں نے اپنے دورمیں کرپشن کے سوا کچھ نہیں کیا وہ ہمیں کرپشن کے بارے میں بتاتے ہیں ا یک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ویڈیوز اورزیرحراست کلنگ کے بار ے میں سندھ حکومت کو قانون کے مطابق خط لکھا کراچی آپریشن کاکپتان وزیراعلیٰ سندھ کے علاوہ کوئی اورنہیں ہوسکتاوفاقی حکومت ان کی مدد کررہی ہے ۔

امجدصابری اور چیف جسٹس کے بیٹے کے اغواء پرروزانہ کی بنیاد پر کام ہورہاہے خالد شمیم کی ویڈیو کی وفاقی رپورٹ آچکی ہے پنجاب سے رپورٹ کاانتظار ہے کیونکہ وہ اڈیالہ جیل سے ہے انہوں نے کہاکہ نیب آئینی ادارہ ہے جوکرپشن اوردیگرمعاملات کی تحقیقات کرتا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم مودی کی پاکستان کے بارے میں ہربات کوسنجیدہ نہیں لیناچاہیے وہ پاکستان میں تقسیم چاہتے ہیں۔