بھارت سے آئے ہزاروں سکھ یاتری واپس بھارت روانہ ،چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ نے رخصت کیا

گوردواروں کی حفاظت و انتظامات پر وزیر اعظم محمد نواز شریف و چیئرمین بورڈ کے شکر گزار ہیں، سردار گور و میت سنگھ

جمعرات 30 جون 2016 21:31

لاہور۔30 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جون ۔2016ء ) مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کے موقع پر بھارت سے آئے ہزاروں سکھ یاتری خصوصی ٹرین کے ذریعے لاہور ریلوے سٹیشن سے واپس بھارت روانہ ہوگئے ،چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق نے یاتریوں کو رخصت کیا۔روانگی سے قبل میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی سکھ یاتریوں کے جتھ لیڈر سردار گور و میت سنگھ نے کہا کہ ہم اپنی سکیورٹی سمیت گوردواروں کی حفاظت اور خوبصورتی کے اعلی اقدامات و انتظامات پر وزیر اعظم محمد نواز شریف اور چیئرمین بورڈ صدیق الفاورق کے خصوصی شکر گزار ہیں، ہمیں یہاں جو عزت اور پیار دیا گیا وہ ہم کبھی نہیں بھلا پائیں گے،ڈپٹی لیڈرنے کہا کہ انتظامات پہلے سے بہت بہتر تھے جن کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ،ہماری خواہش ہے کہ ویزہ کی پابندیا ں ختم ہوں اور ہم بار بار اپنے گورو کی دھرتی پر حاضری دینے کیلئے آتے رہیں ۔

(جاری ہے)

چیئرمین بورڈ صدیق الفاروق نے کہا کہ سکھ مسلم دوستی کا رشتہ جتنا مضبوط ہو گا اس سے اتنا ہی خطہ میں خوشحالی اور امن ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دین اسلام دوسرے مذاہب کے لوگوں کا احترام اور ان کی خدمت کا درس دیتا ہے۔آخر میں سکھ یاتری سکھ مسلم دوستی زندہ آباد کے نعرے لگاتے آنکھوں میں خوشی کے آنسو سجائے واپس وطن بھارت روانہ ہو گئے ۔

متعلقہ عنوان :