زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،انجینئر محمد بلیغ الرحمن

وزیر اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوا ، آپریشن ضرب عضب اور لوڈشیڈنگ کے باوجود ملکی معیشت پروان چڑھ رہی ہے بارانی زرعی یونیورسٹی میں وزیر اعلی پنجاب کسان پیکیج کے حوالے سے آگاہی سیمینار سے وفاقی وزیر مملکت کا خطاب

جمعرات 30 جون 2016 21:28

راولپنڈی ۔ 30 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جون ۔2016ء) وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ،وزیر اعلی پنجاب کا کسان پیکج زرعی پیداوار میں خود انحصاری ، غربت کے خاتمے اور غذائی تحفظ کے حصول میں مددگار ثابت ہو گا اور اس سے ملکی زراعت پر بھی پائیدار اثرات مرتب ہوں گے ، وزیر اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوا آپریشن ضرب عضب اور لوڈشیڈنگ کے باوجود ملکی معیشت پروان چڑھ رہی ہے ، وفاق نے زرعی شعبہ کی ترقی کے لیے قابل قدر اقدامات کیے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیر اعلی پنجاب کسان پیکیج کے حوالے سے بارانی زرعی یونیورسٹی میں منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی راجہ جاوید اخلاص ،سینیٹر نجمہ حمید ، ایم پی اے تحسین فواد ، وائس چانسلر بارانی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمد،زرعی ماہرین ، فیکلٹی ممبران، طلباء اور کثیر تعداد میں کسانوں نے شرکت کی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کی قیادت میں کسانوں کی خوشحال اور زرعی شعبے کی بہتری کے لئے بھرپور کام کر رہی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ زرعی شعبے کو درپیش چیلنجز کو حل کرنے کے لئے حکومت، انڈسٹری اور کسانوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اور زرعی پیداوار کو بہتر بنانے اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ہمیں زرعی نظام کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنا ہو گا تا کہ مستقبل میں غذائی تحفظ سے بچا جا سکے ۔

ممبر قومی اسمبلی راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کا 100ارب روپے کا تاریخی کسان پیکج زرعی انقلاب کی بنیاد ثابت ہو گا ۔انہوں نے کہا حکومت پنجاب کسانوں کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لئے بھرپور کوشش اور اقدامات کر رہی ہے۔راجہ جاوید اخلاص نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے بغیر فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ناممکن ہے اور پنجاب حکومت چھوٹے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی بھر پور کوشش کر رہی ہے۔

وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمد نے سیمینار سے تعارفی خطاب میں کسان پیکیج کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پیکیج زراعت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لائے گا وائس چانسلر نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور حکومت کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کسان پیکیج جدید ٹیکنالوجی اپنانے کے لئے کسانوں کی حوصلہ افزائی کرے گا تا کہ وہ فی ایکٹر زیادہ پیداوار حاصل کر سکیں اور کسانوں پر زور دیا کہ زیادہ زرعی پیداوار حاصل کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنائیں۔

رائے نیاز احمد نے اس موقع پر رواں برس کو کسانوں کے سال کے طور پر منانے کی قرارداد بھی پیش کی ۔قبل ازیں وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت بلیغ الرحمن نے سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمدکے ہمراہ یونیورسٹی میں بائیو میٹرک اور سی سی ٹی وی کیمروں کے سسٹم کا افتتاح بھی کیا اور یونیورسٹی میں پودا بھی لگایا۔

متعلقہ عنوان :