صوبائی حکومت امن و امان برقرا رکھنے میں ناکام ہوچکی ،کوئٹہ میں پولیس ]ایف سی اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ قابل مذمت ہے ،سردار خادم حسین وردگ

جمعرات 30 جون 2016 21:21

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جون ۔2016ء) تحریک انصاف بلوچستان کے ترجمان سردار خادم حسین ودرگ نے کہا ہے صوبائی حکومت امن و امان برقرا رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے کوئٹہ میں پولیس اور ایف سی اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آئے روز حالات بگڑتے جارہے ہیں بے گناہ پولیس اہلکاروں اور فورسز کے اہلکاروں کوشہید کیا جارہا ہے یہ اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ بلوچستان حکومت نااہل تو درکنار ایک بے بسی ،لاچارگی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی کابینہ میں زندہ ضمیر لوگ نہیں بلکہ مردہ ضمیر لوگ بیٹھے ہوئے ہیں جو عوام کی جان و مال کی کیا حفاظت کریں گے جو خود انکو لوٹنے کیلئے اقتدار میں آئے ہوئے ہیں۔ سردار خادم حسین وردگ نے کہا کہ لٹیرے کبھی بھی محافظ نہیں بن سکتے انکے بڑے وفاق میں لوٹ مار کر رہے ہیں جبکہ یہ چھوٹے صوبے میں لوٹ مار میں ملوث ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جنگل کا قانون نافذ ہوگیا ہے اﷲ ہمیں اس وقت کے فرعونوں سے بچائے۔