کراچی کے بلدیاتی ملازمین کو دوجولائی کو تنخواہوں پنشن کی ادائیگی یقینی بنائی جائیگی، محکمہ فنانس سندھ

سیدذوالفقارشاہ کا سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے عید سے قبل تنخواہیں ادا کرنے کا حکم جاری کرنے پر اظہار تشکر

جمعرات 30 جون 2016 21:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جون ۔2016ء) اندرون سندھ کے بلدیاتی اداروں سکھر ،ہالا ،مٹیاری ،نوڈیرو،رتوڈیرو،خیر پور اور دیگر علاقوں کے بلدیاتی ملازمین تا حال ماہ جون کی ماہوار تنخواہوں کی ادائیگی سے محروم ہوکر سراپا احتجاج بن گئے ہیں ۔جبکہ کراچی کے بلدیاتی اداروں کے ایم سی ،ڈی ایم سیز اور ڈسٹرکٹ کونسل کرا چی کے ملازمین کو دوجولائی کو تنخواہیں اور پنشن ادا کردی جائے گی ان خیالات کا اظہار آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سندھ اور سجن یونین (سی بی اے) کے ایم سی کے صدر سیدذوالفقارشاہ نے ہالا کے مزدور رہنما ارباب لیاقت اور کے ایم سی وڈی ایم سیز کے ملازمین سے بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے عید سے قبل بلدیاتی ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم جاری کرنے اور محکمہ فنانس کے ایڈیشنل سیکریٹری اطہر حسین میرانی ،ریسرچ آفیسر لوکل فنڈ نثار احمد شیخ ،ظہیر علی لوکل فنڈ آفیسر اور محمد ارشد سیکشن آفیسرلیگل کی جانب سے عدالت کو یقین دہانی کروانے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سجن یونین (سی بی اے) کے ایم سی کی کاوشوں سے کراچی کے بلدیاتی اداروں کو 26جون کو 50فیصد اور پھر 2جولائی کو مزید 50فیصد OZTگرانٹ جاری کرکے تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کو یقینی بنادیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اور اب تنخواہ پنشن پر سیاست کرنے والوں کی سیاست کا دروازہ بند کردیا گیاہے ۔جس بلدیاتی ادارے کے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہ کی گئیں توپھر اس ڈی ایم سی کے ایڈمنسٹریٹر اور اکاؤنٹس آفیسر کو توہین عدالت کی کاروائی کا سامنا کرنا پڑ ے گا۔انہوں نے محکمہ تعلیم کے 78ملازمین کو اسکروٹنی کمیٹی میں کلیئر ہونے اور 379ملازمین کی تنخواہیں انسانی ہمدردی کے ناطے جاری کرنے کا کمیٹی کا فیصلہ ہونے پر ان ملازمین کو بھی مبارکباد پیش کی ہے ۔