سول ایوی ایشن اتھارٹی ملک بھر میں یکساں کارگو ریٹس نافذ کرے ‘ ایل سی سی آئی

لاہور ایئرپورٹ پر بھاری اوورچارجنگ کی وجہ سے امپورٹرز نے اپنے کاروبار دیگر ایئرپورٹس پر منتقل کرلیے ہیں

جمعرات 30 جون 2016 21:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جون ۔2016ء) سول ایوی ایشن اتھارٹی ملک بھر میں یکساں کارگو ریٹس نافذ کرے کیونکہ لاہور ایئرپورٹ پر بھاری اوورچارجنگ کی وجہ سے امپورٹرز نے اپنے کاروبار دیگر ایئرپورٹس پر منتقل کرلیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید نے ڈائریکٹر کمرشل اینڈ اسٹیٹ، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، کراچی القیرہ عتیق سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔

ناصر سعید نے کہا کہ لاہور ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن انتظامیہ کی رضامندی سے اوورچارجنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے امپورٹرز نے دیگر ایئرپورٹس کا رخ کرلیا ہے۔ لاہور چیمبر نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی توجہ متعدد بار اس جانب مبذول کرائی لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امپورٹ سے وابستہ کچھ بڑے اداروں نے لاہور چیمبر کو اس سلسلے میں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے جنہیں دور کرنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹرز کے کاروبار کی لاہور ایئرپورٹ سے دیگر ایئرپورٹس پر منتقلی سے سول ایوی ایشن کو اپنے ریونیو ٹارگٹ پورے کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے سول ایوی ایشن اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ ہر جگہ کارگو چارجز کا یکساں نفاذ یقینی بنائے کیونکہ یہ ایک وفاقی ٹیکس ہے اور اس کی صرف کمپیوٹرائزڈ رسید جاری کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شپمنٹ اسی دن کلیئر کرالی جائے تو اس پر پانچ فیصد کے بجائے دو فیصد کارگو چارجز لاگو کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کارگو چارجز کی لسٹ اور اس کو متعین کرنے کا فارمولہ تمام سٹیک ہولڈرز کے علم میں ہونا چاہیے ، کچھ ایئر لائنز مختلف پراڈکٹس کے ایکسپورٹ سیزن کی برآمدات کے دنوں میں ٹیرف بڑھا دیتی ہیں جو بلاجواز ہے، اس کی ہرگز اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ ڈائریکٹر کمرشل اینڈ اسٹیٹس، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، کراچی القیرہ عتیق نے کہا کہ تاجروں کے حقیقی تحفظات ترجیحی بنیادوں پر دور کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر لاہور چیمبر کا دورہ کیا ہے جس کا مقصد تاجروں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

متعلقہ عنوان :