وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے چائنہ ایروسپیس کنسٹرکشن کارپوریشن کے وفد کی ملاقات

چینی کمپنی کا ہاؤسنگ، واٹر سپلائی، سینی ٹیشن اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

جمعرات 30 جون 2016 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جون ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے آج یہاں چائنہ ایروسپیس کنسٹرکشن کارپوریشن کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں چینی کمپنی نے ہاؤسنگ، واٹر سپلائی، سینی ٹیشن اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعلقات کی نئی جہتیں فروغ پا رہی ہیں۔

چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور نے پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع پیدا کئے ہیں اور چین کی متعدد کمپنیاں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کا رخ کر رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کی کمپنی کی جانب سے ہاؤسنگ، واٹر سپلائی، سینی ٹیشن اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کے شعبوں میں تعاون کا بھرپور خیرمقدم کریں گے۔

(جاری ہے)

چین کی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کیلئے ترجیحی بنیادوں پرسہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہپنجاب حکومت نے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی کیلئے ایک بہت بڑا پروگرام شروع کیا ہے۔اربوں روپے کے اس پروگرام کے تحت دیہات میں بسنے والے کروڑوں افراد کو 2 برس میں پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔پنجاب حکومت سینی ٹیشن اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کیلئے بھی ایک جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔

ملاقات میں چینی کمپنی کے نائب صدر ڈاکٹر لی نائی ہانگ نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ہاؤسنگ، واٹر سپلائی، سینی ٹیشن اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ وفد کی قیادت چائنہ ایروسپیس کنسٹرکشن کارپوریشن کے نائب صدر ڈاکٹر لی نائی ہانگ کر رہے تھے۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، ایم پی اے چوہدری شہبازاحمد، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی ایل ڈی اے، ایم ڈی واسا اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔