1400اشیائے خوردونوش مہنگی ہونے سے عام آدمی پس جائے گا ،ڈیوٹی میں اضافہ ظلم ہے ‘حکمرانوں نے انتخابات میں عوام کو سبز باغ دکھائے،لوڈ شیڈنگ سمیت ایک بھی وعدہ پورا نہیں کر سکے

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان کابیان

جمعرات 30 جون 2016 20:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جون ۔2016ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ 1400اشیائے خوردونوش مہنگی ہونے سے عام آدمی پس جائے گا ،بجٹ کے بعد ہر ماہ عوام پر بوجھ ڈالا جا رہا ہے ،کسانوں کے بعد تاجر طبقے میں بھی اضطراب پایا جاتا ہے 900سے زائد اشیا ء پر 11فیصد اور 508اشیاء پر 16فیصد کسٹم ڈیوٹی ظلم ہے ادویات ،چائے پتی اور مصالحہ جات تک مہنگے کر دیے گئے ہیں جس سے شہریوں کا جینا اجیرن ہو جائے گا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عام انتخابات میں عوام کو سبز باغ دکھائے اور زرداری کی مخالفت کے ووٹ حاصل کیے جبکہ لوڈ شیڈنگ سمیت عوام سے کیا ہوا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا اب 2018کی تاریخ دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نواز شریف کو بے نقاب کیا ہے اور عوام کے سامنے اُن کا اصل چہرہ لائے ہیں اور اب وہ عوام کو مزید گمراہ نہیں کر سکتے ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف عوام کی آواز بن کر میدان عمل میں ہے اور انشا ء اﷲ آنے والا وقت عمران خان کا ہو گا ۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ذاتی اقتدار کو طول دینے کیلئے حکمران مختلف ڈھونگ رچا رہے ہیں جن کا جمہوریت سے دور کا بھی تعلق نہیں انہوں نے کہا کہ جہوریت کے نام پر قائم خاندانی اقتدار کے خاتمے کا وقت قریب ہے اور ملک کو صاف اور شفاف انتخابی نظام دلا کر رہیں گے ۔

متعلقہ عنوان :