حضور نبی کریم ﷺ کی مدحت و ثنا کے لئے محافلِ میلاد پاک اورمحافلِ نعت پاک کا انعقاد بہترین ذریعہ ہیں، پیر محمد حسان حسیب الرحمن

جمعرات 30 جون 2016 20:35

اسلام آباد ۔ 30 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جون ۔2016ء)عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و ممتاز روحانی پیشوا پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کی مدحت و ثنا کے لئے محافلِ میلاد پاک اورمحافلِ نعت پاک کا انعقاد بہترین ذریعہ ہیں ۔ رمضان المبارک کے آخری عشرہ جو کہ جہنم سے آزادی کے ایام ہیں اور اس آخری عشرے میں ربِ کریم نے اپنے حبیب علیہ الصلوة و السلام کا صدقہ آپکی امت کو ایک ایسی عظیم رات بھی عطا فرمائی ہے جو ہزار مہینوں سے افضل ہے ۔

رمضان المبارک کے ان ایام اور راتوں میں اپنے نبی علیہ الصلوة و السلام کاذکرِ خیر کر کے نہ صرف ہم اپنی بگڑیاں بنا سکتے ہیں بلکہ سکونِ قلب کی دولت سے بھی مالا مال ہو سکتے ہیں۔ پورا قرآنِ کریم حضور نبی رحمت ﷺ کی تعریف و توصیف سے بھرا پڑا ہے اور اہلِ ایمان کا شعار بھی یہ ہے کہ اپنے نبی علیہ الصلوة و السلام کی محفلِ نعت پاک اور محفلِ میلاد پاک میں شرکت کر کے اپنے قلوب و اذہان کو منور کرتے ہیں اوردین ودنیا کی بھلائیاں حاصل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عید گاہ شریف میں ختمِ قرآنِ کریم کے سلسلے میں منعقدہ محفلِ نعت پاک کے اختتام پر اپنے خصوصی خطاب میں کیا۔محفل نعت پاک زیر سر پرستی سجادہ نشین عید گاہ شریف پیر محمد نقیب الرحمن منعقد ہوئی جب کہ مہمان خصوصی ناظم اعلیٰ اہل سنت والجماعت علامہ سید ریاض حسین شاہ تھے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مفکرِ اسلام علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہاکہ محفل نعت پاک و میلاد پاک کی حاضری ایمان کی تازگی، پختگی اور حصولِ عشقِ رسولِ کریم ﷺ کا نہایت موثر ذریعہ ہے۔

آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سچے دل اور خلوصِ نیت سے اپنے روحانی مرکز مدینہ منورہ کی جانب رجوع کریں اور یہ عہد کریں کہ اپنی زندگیاں فرموداتِ نبوی ﷺ اور شریعتِ مطہرہ کے تابع بسر کریں گے ۔کثیر تعداد میں نعت خوان حضرات جن میں سید الطاف شاہ کاظمی ، الحاج محمد یوسف میمن، قاری شاہد محمود، حافظ عبدالمتین عباسی اور تصدق رسول نے دربارِ رسالتمآب ﷺمیں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ محفلِ نعت پاک کا اختتام درود و سلام اور پیر محمد نقیب الرحمن کی وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی اور اتحاد بین المسلمین کی دعا پر ہوا۔ محفلِ نعت پاک کے اختتام پر عید گاہ شریف میں وسیع و عریض سحری کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔