’’واکنگ ایمبسیڈرز آف پاکستان‘‘ لندن میں معروف دینی جامعہ الکرم کا دورہ

سٹاک ہوم کی یونیورسٹی اپسالہ کے کلین روم میں سنگل الیکٹرون اور خوردبین کے ذریعے مکھی کی آنکھ کا تحیر آمیز تجربہ،پوزیشن ہولڈرز کی سٹاک ہوم یونیورسٹی،رائل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی،کالمر یونیورسٹی،کوپی یونیورسٹی میں آمد

جمعرات 30 جون 2016 20:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جون ۔2016ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے پروگرام کے تحت یورپی ممالک کا دورہ کرنے والے پوزیشن ہولڈرز طلبہ ’’واکنگ ایمبسیڈر آف پاکستان‘‘نے لندن میں جامعہ الکرم کا دورہ کیا۔معروف دینی ادارے جامعہ الکرم پہنچنے پر ادارہ کے سربراہ شیخ امداد حسین پیرزادہ نے وفد کا پرجوش استقبال کیا اور ادارے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

بعدازاں طلبہ نے جامعہ الکرم کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔طلبہ نے برطانیہ میں خالص اسلامی معاشرے کے قیام کے تصور میں دلچسپی کا اظہار کیا۔پاکستانی وفد نے مقامی طلبہ اور اساتذہ سے تبادلہ خیال کیا۔جس میں بتایا گیا کہ اسلام دور جدید کا مذہب ہے ۔جس میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں ۔

(جاری ہے)

دہشت گرد اسلام کی خود ساختہ تعبیر کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ نہیں کر سکتے۔

بعدازاں پاکستانی پوزیشن ہولڈرز طلبہ سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم پہنچ گیا۔طلبہ نے معروف سویڈش ادارے یونیورسٹی اپسالہ کا دورہ کیا۔1470 میں قائم ہونے والی یہ یونیورسٹی میں انڈسٹریل مینجمنٹ اور لینگوئج ٹیکنالوجی جیسے مضامین پڑھائے جاتے ہیں۔یونیورسٹی کے ریلشن آفیسر جو ایکم ایکسٹوم نے طلبہ کو بریفنگ میں بتایا کہ یونیورسٹی میں نینومیٹریل اور ریسرچ کا عمل جاری ہے۔

طلبہ نے نینو میٹریل کے ’’کلین روم‘‘ کا دورہ بھی کیا جہاں خوردبین کی مدد سے سنگل الیکٹرون کا تحیر آمیز نظارہ بھی کیا۔طلبہ کو مکھی کی آنکھ کی تصاویر بھی دکھائی گئی۔ِوفد نے کارولنکسکامیڈیکل انسٹیٹیوٹ کا دورہ بھی کیا۔جہاں زیر تعلیم پاکستان طلبہ سے تبادلہ خیال کرنے کا موقع بھی ملا۔وفد نے سٹاک ہوم یونیورسٹی کا دورہ بھی کیا۔

سٹاک ہوم یونیورسٹی کے تاریخی لیکچر ہال ’’عالو مانگا‘‘کا دورہ بھی کیا۔طلبہ کو کے ٹی ایچ رائل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کا دورہ کرنے کا موقع بھی ملا۔جہاں طلبہ نے مکینیکل انجینئرنگ لیبارٹریز کا دورہ کیا۔مکینیکل انجینئرنگ کے لیبارٹری کے بیشتر پراجیکٹس کا تعلق نینو ٹیکنالوجی سے ہے۔طلبہ کو دورہ کے دوران کالمر یونیورسٹی جانے کا موقع بھی ملا۔

جہاں بائیومیڈیکل انجینئرنگ کے پاکستانی نژاد طالب علم ارسلان نے انہیں اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔جون کوپی یونیورسٹی پہنچنے پر میزبان مانیکا نے ادارے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ سکول آف انٹر نیشنل بزنس،ایجوکیشن اینڈ کمیونیکیشن،انجینئرنگ اور ہیلتھ اینڈ ویلفیئر کے شعبوں میں جدید ترین تحقیقاتی تعلیم کا سلسلہ جاری ہے۔

طلبہ کے لئے لیز پر تھیم پارک کا دورہ بھی خاصی دلچسپی کا باعث تھا جہاں انواع واقسام کے جھولے دلچسپی کا سامان لئے ہوتے تھے۔خوف ،خوشی ،حیرت اور شوق کے جذبات کے ساتھ مختلف رولر کوسٹر پر سواری طلبہ کے لئے یادگارسفر تھا۔طلبہ نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ ادوس خالد ،اظہر علی،سید شایان زاہد،رابعہ علی،جویریہ رضوان،ابیاض اسمار، رمشا ضیاء اور دیگر نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یورپ کا دورہ ہر لحاظ سے تحیر آمیز تجربہ ہے جس کے لئے طلبہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے شکرگزار ہیں۔

متعلقہ عنوان :