طلب بڑھنے کے بعد نیشنل گرڈ اسٹیشن سے فورس لوڈ شیڈنگ شروع ،لاہور کے متعدد گرڈ اسٹیشنز کو غیر اعلانیہ طور پر بند کر دیاگیا

فیصل آباد سمیت مختلف مقامات پر بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف مظاہرے بھی کئے گئے ،بجلی کی عدم دستیابی سے پانی کی قلت بھی بر قرار

جمعرات 30 جون 2016 19:45

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جون ۔2016ء) پیداوار کے مقابلے میں بجلی کی طلب بڑھنے کے بعد نیشنل گرڈ اسٹیشن سے فورس لوڈ شیڈنگ شروع کر دی گئی ،اوور لوڈ ہونے کے بعد سسٹم کو بچانے کیلئے لاہور کے متعدد گرڈ اسٹیشنز کو غیر اعلانیہ طور پر بند کر دیا گیا جس سے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،شہری اور دیہی علاقوں میں لو ڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ گیا ،فیصل آباد سمیت مختلف مقامات پر بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف مظاہرے بھی کئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق شدید گرمی اور حبس کے باعث بجلی کی طلب میں اضافہ ہونے سے نیشنل گرڈ اسٹیشن پر بوجھ بڑھ گیا جس کے بعد فورس لوڈ شیدنگ بھی شروع کر دی گئی ۔ گزشتہ روز لاہور کے قرطبہ ،شادمان،ریوارز گارڈ،گلشن راوی،بند روڈ ، گارڈن ، بھاٹی گیٹ،فیض پور سبزہ زار کے گرڈ اسٹیشنز کو غیر اعلانیہ طور پر بند کر دیاگیا جس سے کئی شہروں میں شیڈول سے ہٹ کر بجلی کا نظام تعطل کا شکار ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔

(جاری ہے)

شدید گرمی اور حبس میں لو ڈشیڈنگ کے باعث روزہ داروں ،گھروں اور مساجد میں بیٹھے معتکفین بھی نڈھال نظر آئے ۔ ذرائع کے مطابق سسٹم کو بڑی تباہی سے بچانے کیلئے اقدام کیا گیا لیکن صورتحال معمول پر آتے ہی بجلی بحال کر دی گئی ۔ دوسری طرف شہری اور دیہی علاقوں لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ مختلف علاقوں میں سحری اور افطار ی کے اوقات میں بھی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔

گزشتہ روز بھی مختلف شہری علاقوں میں 8سے 10جبکہ دیہی علاقوں میں 16سے 18گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔ بجلی کی بندش کے باعث مختلف علاقوں میں پانی کی قلت رہی ۔ گزشتہ روز فیصل آباد کے علاقہ غلام احمد آباد کے رہائشیوں نے بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کیخلاف سڑک پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا ۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بجلی کے پنکھوں سمیت دیگر اشیاء بھی اٹھا رکھی تھیں ۔شرقپور شریف میں بھی بجلی کی طویل بندش کے خلاف مظاہرہ کیا گیا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا ۔ دیگر کئی مقامات پر بھی بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور ٹرانسفارمرز خراب ہونے کیخلاف مظاہرے کئے گئے ۔

متعلقہ عنوان :