تنزلی کا شکار ہونیوالے 9ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکاروں کا مشترکہ ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ

رینکرز ایسوسی ایشن کا اجلاس تین جولائی کو ہوگا، افسران ، اہلکاروں کی مشترکہ ریٹائرمنٹ سے محکمے کی مشکلات بڑھیں گی‘ ذرائع پنجاب حکومت بھی معاملے کو کسی نہج پر پہنچانے کیلئے کوشاں ،لاء ڈیپارٹمنٹ میں اس حوالے سے راستہ نکالنے کیلئے مشاورت کا عمل جاری

جمعرات 30 جون 2016 19:44

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جون ۔2016ء) سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں تنزلی کا شکار ہونے والے 9ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکاروں نے مشترکہ طور پر ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کر لیا ،رینکرز ایسوسی ایشن کا اجلاس تین جولائی کو ہوگا جس میں مشترکہ ریٹائرمنٹ کی درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی طرف سے قواعد و ضوابط کے برعکس ترقی پانے والے افسران اور اہلکاروں کی اپنے اصل گریڈ میں تنزلی کے بعد مذکورہ افسران او راہلکاروں کی طرف سے مشاورت کا عمل جاری ہے ۔

بتایاگیا ہے کہ افسران نے مشترکہ طور پر ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں رینکرز ایسوسی ایشن کا اجلاس تین جولائی کو ہوگا۔ او ایس ڈی بنائے گئے افسران نے ایسوسی ایشن بنانے کے لیے درخواست بھی جمع کرا دی ہے جو پراونشل پولیس آفیسرز ایسوسی ایشن کے نام سے رجسٹر کرائی جائے گی۔

(جاری ہے)

او ایس ڈی افسران کہتے ہیں اگر پی ایس پیز اپنی تنظیم بنا سکتے ہیں تو ہماری تنظیم پر بھی تنقید بلا جواز ہے ۔ذرائع کے مطابق اکٹھے اتنی تعداد میں افسران اور اہلکاروں کی ریٹائرمنٹ سے محکمہ پولیس کی مشکلات بڑھ جائیں گی ۔ دوسری طرف پنجاب حکومت بھی اس معاملے کو کسی نہج پر پہنچانے کے لئے کوشاں ہے اور لاء ڈیپارٹمنٹ میں بھی اس کے لئے کوئی راستہ نکالنے کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :