این ایچ اے کے ایگزیکٹو بورڈ نے سی پیک کے مغربی روٹ پر کام کیلئے ٹھیکے کی منظوری دیدی

ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کے سیکشن تراپ۔ کوٹ بیلیاں کی تعمیر پر 20 ارب روپے سے زائد لاگت آئیگی کوشش ہے سڑکوں کی تعمیر کے سلسلہ میں ملکی تعمیری صنعت کو فروغ اور مقامی ٹھیکیداروں کو تعمیری عمل میں حصہ لینے کاموقع فراہم کیاجائے ، این ایچ اے اپنے قیام کے 25 سال مکمل ہونے پر سلور جوبلی کی تقریب منعقد کریگا ،چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی شاہد اشرف تارڑ کا اجلا س سے خطاب

جمعرات 30 جون 2016 19:35

اسلام ٓباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جون ۔2016ء) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے ) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے اہم حصے مغربی روٹ پر کام کیلئے ٹھیکے کی منظوری دیدی۔جمعرات کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑکی صدارت میں منعقد ہوا ،جس میں اتھارٹی کے مختلف منصوبوں ،مالی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سی پیک منصوبے کے ہکلہ۔ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کے تراپ۔ کوٹ بیلیاں پیکج کا ٹھیکہ دینے کی منظوری دی گئی،یہ منصوبہ ویسٹرن کاریڈور کاحصہ ہے۔چار رویہ اس پیکج کی لمبائی 52 کلومیٹر ہے ،جس پر 20 ارب روپے سے زائد لاگت کا تخمینہ ہے ۔اس منصوبے میں 10 پل ،60 کلورٹس،7 فلائی اوورزاور 15 انڈرپاسز تعمیر کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اس منصوبے کے ساتھ رائٹ آف وے کی چوڑائی 100 میٹرہوگی ۔

اجلاس میں سکرنڈ۔شہید بے نظیر آباد پراجیکٹ کو دوہرا کرنے کے پی سی ون، کرارو۔وڈ سیکشن کے باقی ماندہ حصے کو بہتر بنانے کے پی سی ون اور حسن آباد۔حویلیاں ایکسپریس وے کیلئے سوشل سیف گارڈ منیجمنٹ کنسلٹنٹ کیلئے کنسلٹنسی سروس کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں مالی 2016-17 کیلئے قومی شاہراتی نیٹ ورک پر 16 ٹول پلازوں کے آپریشن اور منیجمنٹ کے ٹھیکے دینے کی بھی منظوری دی گئی۔

چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی شاہد اشرف تارڑ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سڑکوں کی تعمیر کے سلسلہ میں ملکی تعمیری صنعت کو فروغ دیا جائے اور مقامی ٹھیکیداروں کو تعمیری عمل میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ قومی منصوبو ں کی تعمیر کیلئے مقامی ٹھیکیداروں کی شرکت سے تعمیراتی صنعت کی حوصلہ افزائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ این ایچ اے اپنے قیام کے 25 سال مکمل ہونے پر سلور جوبلی کی تقریب منعقد کرے گاجس میں اتھارٹی کے25 سالہ سفر کی کارکردگی سامنے لائی جائے گی اور تمام سٹیک ہولڈرز کی خدمات کو سراہا جائے گا۔

اجلاس میں سید غضنفر عباس جیلانی ایڈیشنل سیکرٹری وزارت خزانہ ،شوکت حیات انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، ملک احمد خان ممبر انفراسٹرکچر پی اینڈ ڈی ڈویژن،الطاف اصغر جائنٹ سیکرٹری وزارت مواصلات،اظہر مسعود نائب صدرنیسپاک ،نذیر احمد چیف این ٹی آر سی / جائنٹ سیکرٹری وزارت مواصلات،راجہ نوشیر وان ممبر پلاننگ این ایچ اے ،شعیب احمد خان ممبر فنانس این ایچ اے اور علی اکبر میمن سیکرٹری این ایچ اے نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :