پاکستان اور چین کے درمیان گذشتہ 65 سالوں سے مضبوط تعلقات قائم ہیں جو آزمائش کی ہر گھڑی پر پورا اترے ہیں، چینی سفیر سن وی ڈونگ کا تقریب سے خطاب

جمعرات 30 جون 2016 19:06

اسلام آباد ۔ 30 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جون ۔2016ء) چین کے سرکاری ٹیلی ویژن سی سی ٹی وی نیوز اور سی سی ٹی وی 9 ڈاکومینٹری کو لینڈنگ رائٹس پاکستان ٹیلی ویژن فاؤنڈیشن کو دینے کی تقریب جمعرات کو یہاں پیمرا ہیڈ کوارٹرز میں ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر سن وی ڈونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گذشتہ 65 سالوں سے مضبوط تعلقات قائم ہیں جو آزمائش کی ہر گھڑی پر پورا اترے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس چینی صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط ہوئے جن میں سی سی ٹی وی اور سی سی ٹی وی 9 ڈاکومینٹری کے لینڈنگ رائٹس دینا بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ سینٹرل ٹیلی ویژن عوامی جمہوریہ چین کا سرکاری ٹیلی ویژن ہے جو انگریزی زبان میں خبرین اور فیچرز دیتا ہے اور اب پاکستانی ناظرین بھی چین کے متعلق زیادہ آگاہی حاصل کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی سی ٹی وی ڈاکومینٹری چین کی تاریخ کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ایم 98 دوستی چینل پہلے ہی فعال ہے جو دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ آگاہی سے دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کی تعمیر دوستانہ تعلقات کو معاشی شراکت داری میں تبدیل کرے گی۔

سیکرٹری اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سیّد عمران گردیزی نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ نے دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچایا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک تعلقات کے نتیجہ میں چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پر دستخط ہوئے۔ انہوں نے سی سی ٹی وی کے لینڈنگ رائٹس پی ٹی وی فاؤنڈیشن کو دینے کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے پی ٹی وی براڈ کاسٹ سٹیشنوں کی ڈیجیٹیلائزیشن کی جا رہی ہے اور مری میں پائلٹ پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے ایک دوسرے کی ٹیلی ویژن پروڈکشن سے استفادہ کریں گے۔ قبل ازیں چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے کہا کہ 21 ویں صدی میں ہمارے نوجوانوں کو ٹی وی کے ذریعے چین سے متعلق آگاہی حاصل کرنا ہے اور کیبل ٹی وی پر سی سی ٹی وی ٹرانسمیشن اس سلسلہ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :